فیصل آباد میں راناثنااللہ کے ڈیرے کے قریب فائرنگ ایک شخص جاں بحق

ملزمان کی نشاندہی کے باوجود پولیس کارروائی نہیں کررہی، پی ٹی آئی


ویب ڈیسک October 31, 2015
ملزمان کی نشاندہی کے باوجود پولیس کارروائی نہیں کررہی، پی ٹی آئی، فوٹو: فائل

وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کے ڈیرے کے قریب تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنان کامیابی کا جشن منا رہے تھے کہ اس دوران وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ کے ڈیرے کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص سرپرگولی لگنے سے جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریب اسپتال منتقل کیا گیا۔

فائرنگ کے واقعے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی جب کہ ملزمان کی نشاندہی کے باوجود پولیس نے موقع پر پہنچ کر صرف رسمی کارروائی کی۔ تحریک انصاف کے کارکنان نے پولیس کے رویئے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کردی۔

دوسری جانب وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے اپنی ہی پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب میں پولنگ کا عمل تو پر امن رہا لیکن اب نتائج کو تبدیل کیا جارہا ہے اور جان بوجھ کر نتائج میں تاخیر کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کارکنان کے درمیان بدنظمی دیکھنے میں آرہی ہے جب کہ راناثنااللہ کے اسلحے سے لیس حامیوں نے میرا بھی گھیراؤ کیا۔

واضح رہے اس سے قبل ضمنی انتخاب کے موقع پر راناثنااللہ کے ڈیرے کے قریب فائرنگ کا واقع پیش آیا تھا جس میں تحریک انصاف کا ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں