درآمدی سطح پر41لاکھ روپے ٹیکس چوری کی نشاندہی

2کیسزکے پوسٹ کلیئرنس آڈٹ میں ایس آر او1125کا غلط استعمال پکڑا گیا


Ehtisham Mufti November 01, 2015
2کیسزکے پوسٹ کلیئرنس آڈٹ میں ایس آر او1125کا غلط استعمال پکڑا گیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ریونیو لیکیج پر قابو پانے کی سخت ہدایات پرمحکمہ کسٹمزکا ایڈجیوڈیکیشن متحرک ہوگیا ہے، کلکٹریٹ آف کسٹمزایڈ جیوڈکیشن ٹو کی جانب سے رعایتی ایس آراوزکا ناجائز فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ کلکٹریٹ نے رعایتی ایس آراو نمبر1125 کا ناجائز فائدہ اٹھاکرقومی خزانے کو41 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچانے والے2 درآمدکنندگان کو شوکاز نوٹسز جاری کردیے۔ ذرائع کے مطابق میسرز نور سلک سینٹرکی جانب سے سال2012 تا 2013کے دوران وسکوس ریان، فلیمنٹ یارن کے 16کنسائمنٹس درآمدکیے گئے اورخودکو صنعتی یونٹ ظاہر کرکے ایس آراو1125کی سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھاکرسیلز ٹیکس کی چھوٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے نورسلک سینٹرکے کلیئرکیے جانے والے وسکاس ریان، فلیمنٹ یارن کے 16 کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کی گئی توانکشاف ہواکہ مذکورہ درآمدکنندہ نے وسکاس ریان، فلیمنٹ یارن کے 16کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے ایس آر او 1125 کا ناجائزفائدہ اٹھایا اور سیلز ٹیکس کی مد میں 38 لاکھ 2 ہزار 602 روپے اورانکم ٹیکس کی مدمیں 38 ہزار 26 روپے کی چوری کی گئی جبکہ نور سلک سینٹر امپورٹر، ایکسپورٹ کے نام سے رجسٹرڈ ہے ۔

جس پر ایس آر او 1125 کا اطلاق نہیں ہوتا تاہم پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے اورمزید کارروائی کے لیے کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کو ارسال کردی گئی جس پر ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ نے نورسلک سینٹرکو شوکاز نوٹس کا اجرا کردیا، اسی طرح محکمہ کسٹمز کے کلکٹریٹ آف ایڈجیوڈکیشن ٹو نے ایس آراونمبر1125 کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے درآمدکنندہ کمپنی میسرز حذیفہ انٹرپرائززکو بھی شوکازنوٹس جاری کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میسرز حذیفہ انٹرپرائزز نے سال 2012 تا 2013 کے دوران پولیسٹر ٹاپ کے 10کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے ایس آر او 1125کی سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھا کرقومی خزانے کو سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں 12 لاکھ 63 ہزار 869 روپے کا نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی نے میسرز حذیفہ انٹرپرائزز کے کلیئرکیے جانے والے درآمدی کنسائمنٹس کے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف کیا تھاکہ مذکورہ درآمدکنندہ کی جانب سے پولیسٹرٹاپ کے متعدد کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے ایس آراو1125کا ناجائزفائدہ اٹھاکرقومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ حذیفہ انٹرپرائزز امپورٹر، ایکپسورٹر کے نام سے رجسٹرڈ ہے لیکن اس کے باوجود مذکورہ کمپنی ترغیبی ایس آر او کی سہولت کا فائدہ اٹھارہی تھی تاہم پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے آڈٹ رپورٹ مرتب کرتے ہوئے مزید کارروائی کیلیے رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کو ارسال کردی۔

ذرائع نے بتایاکہ کسٹمزکلکٹریٹ ایڈجیوکیشنII نے تمام حقائق کو مدنظررکھتے ہوئے میسرز حذیفہ انٹرپرائززکو شوکازنوٹس جاری کر دیا ہے۔ یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ ایس آراوکا ناجائزفائدہ اٹھانے والے درآمدکنندگان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے لیکن ایس آراو1125کے سہولت دینے والے کسٹمز افسران کے خلاف آج تک کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں