ملک میں انتخابی نظام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے پرویز رشید

بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا کہ 2013 کے انتخابات ماضی کے مقابلے میں شفاف اورمنصفانہ تھے، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک November 01, 2015
انتخابی نظام کوبہتر بنانے کےلئے پارلیمنٹ میں اپنا کردارادا کیا جائے,پرویز رشید۔ فوٹو:فائل

KARACHI: وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ جمہوری طرزعمل اختیار کرتاجا رہا ہے اس لئے ہمیں انتخابی نظام پراعتماد رکھتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھاکہ گزشتہ روزپنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات مجموعی طور پر پرامن ماحول میں ہوئے اور عوام نے اپنا حق رائے دہی پرسکون انداز میں استعمال کیا۔ خیبر پختون خوا میں ہونے والے انتخابات کی تصویری جھلک بھی میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچی تھی۔ خیبر پختون خوا کے وزیر بیلٹ باکس اپنی گاڑی میں رکھتے ہوئے پکڑے گئے۔ اسلحے کے زور پر انتخابی نتائج کو چوری کیاگیا۔ بلدیاتی انتخابات میں ایک نوجوان کی جان بھی چلی گئی اور قتل کا مقدمہ میاں افتخار پر بنا دیاگیا۔حتیٰ کہ عمران خان کوپریس کانفرنس کے ذریعے خود یہ کہنا پڑا کہ انتخابات کو دوبارہ ہونا چاہئے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی حکومت قانون کی بالا دستی کو یقینی بناتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے قریبی ساتھیوں اوررشتہ داروں کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی۔ان کے نزدیک قانون کے نفاذ کےلئے کسی کےلئے کوئی گنجائش نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ہونے والے بلدیاتی انتخابات، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات اورضمنی انتخابات کے نتائج اس با ت کا واضح ثبوت ہیں کہ 2013 میں ہونے والے عام انتخابات ماضی کے مقابلے میں بہت شفاف اورمنصفانہ تھے کیوں کہ ایک ہی جیسا نتیجہ بار بار نہیں آتا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ جمہوری طرزعمل اختیار کرتاجا رہا ہے،بار بار انتخابات سے انتخابی نظام کی ساکھ بہتر ہو گئی۔ ہمیں اپنے انتخابی نظام پراعتماد رکھتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، سڑکوں اور میڈیا پر آکر اپنے انتخابی نظام کو تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کرنا چاہئے۔ ہماری سیاست کا محور اپنے انتخابی نظام کو گالیاں دینے کے بجائے پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے، توانائی بحران اور قانون کے نفاذ کے لئے کوششوں کو تیز کرنا چاہیئے اور دیگر تمام مسائل کے حل کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔