کراچی میں کار اور موٹرسائیکل چلانیوالوں کو لائسنس بنوانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت مل گئی

چیف سیکریٹری سندھ نے آئی جی کو ڈرائیونگ لائسنس برانچوں پر شہریوں کی مشکلات کے خاتمے کی ہدایت کردی


ویب ڈیسک November 02, 2015
15 دن میں شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرلیں ، کراچی ٹریفک پولیس فوٹو: فائل

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کار اور موٹرسائیکل چلانیوالوں کو لائسنس بنوانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت دے دی ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کے اعلان کے بعد شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے لائنسن بنوانے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دے دی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کوسہولتیں دی جائیں، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس سے قبل ڈی آئی جی ٹریفک کراچی امیر شیخ کے مطابق شہر ميں ٹريفک سسٹم كو دنيا كے ديگر ممالک کی طرز پر لايا جا رہا ہے، شہر میں اب تک ڈرائيونگ لائسنس كے بغير گاڑی چلانے والوں کے محض چالان كئے جاتے تھے لیکن اب بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سختی كرنے كا فيصلہ كيا گيا ہے جس پر عمل درآمد 2 نومبر سے شروع ہونا تھا۔ شہریوں کی درخواست پر انہیں مزید مہلت دے دی گئی ہے۔ اس دوران شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرلیں تاہم پبلک ٹرانسپورٹ اور کمرشل ڈرائیوروں کے خلاف مہم شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس کے اعلان کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد گرفتاری کے خوف سے صبح سویرے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں واقع لائسنس مراکز پہنچ گئی تاہم عملے نےمقررہ تعداد سے زائد درخواستیں وصول کرنے سے انکار کردیا۔ جس پر شہریوں نے احتجاج شروع کردیا اور رینجرز کے اہلکاروں نے صورت حال پر قابو پایا۔ چیف سیکریٹری کا ڈرائیونگ لائسنس برانچوں پر ہنگامہ آرائی اور شہریوں کی مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو مسئلہ فوری حل کرنے کی ہدایت کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں