پورٹ قاسم اتھارٹی میں چیئرمین کی توسیع لینے کے لیے لابنگ

سیاسی وڈی ایم جی گروپ کے دوستوں کااستعمال،آغاجان اختردسمبرمیں ریٹائر ہو رہے ہیں

نئے چیئرمین کی تعیناتی کیلیے سمری بھی فواد حسن فواد کو بھیجی جائے گی اور وہی اس کا حتمی فیصلہ کریں گے۔ فوٹو: فائل

پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیئرمین آغا جان اختر نے اپنی مدت ملازمت میں توسیع کیلیے لابنگ شروع کر دی تاہم نئے چیئرمین کیلیے 3ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔


ذرائع کے مطابق چیئرمین آغا جان اختر دسمبر میں ریٹائر ہو جائیں گے، ان کی تعینائی پیپلز پارٹی دور میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور کی سفارش پر ہوئی تھی،آغا جان اختر کا تعلق ڈی ایم جی گروپ سے ہے، اس وقت سیکریٹری وزارت پورٹ اینڈ شپنگ خالد پرویز اور وزیر اعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری فواد حسن فواد کا تعلق بھی ڈی ایم جی گروپ سے ہے، نئے چیئرمین کی تعیناتی کیلیے سمری بھی فواد حسن فواد کو بھیجی جائے گی اور وہی اس کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم اتھارٹی کے چیئرمین نے اپنی مدت ملازمت میں اضافے کیلیے سیاسی اور ڈی ایم جی گروپ کے دوستوں کے ذریعے لابنگ شروع کر دی ہے۔ زرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ ایک ایسے ایماندار افسر کی تعیناتی چاہتے ہیں جو ادارے کے لیے بھرپور خدمات سرانجام دے۔ ذرائع کے مطابق نئے چیئرمین کی تعیناتی کے لیے رواں ماہ 3 نام وزیراعظم سیکریٹریٹ کو بھیجے جائیں گے، تعیناتی کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری فواد حسن فواد کریں گے۔
Load Next Story