تیسرے ٹوئنٹی 20 میں فتح پاکستانی ٹیم کو چھو کر گزر گئی

ویسٹ انڈین ویمنزکیخلاف سپراوورکی آخری گیند پرناکام، بسمہٰ نے30رنز بنائے


Sports Desk November 03, 2015
ویسٹ انڈین ویمنزکیخلاف سپراوورکی آخری گیند پرناکام، بسمہٰ نے30رنز بنائے ۔ فوٹو : فائل

ویسٹ انڈین ویمنز سے تیسرے ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل میں فتح پاکستانی ٹیم کو چھو کر گذر گئی، سپر اوورکی آخری گیند پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،کیشونا نائٹ نے گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھاکر اپنی ٹیم کو جشن منانے کا موقع فراہم کیا، اس کے ساتھ ہی میزبان سائیڈ کا سیریز میں کلین سویپ مکمل ہوگیا، اس سے قبل آخری اوور میں تین پاکستانی وکٹیں گرنے سے مقابلہ برابر ہوگیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق مہمان ویمنز سائیڈ کو بارش کی مداخلت کے باعث 17 اوورز میں 78 رنزکا ہدف ملا،وہ 3 وکٹ پر57 رنز بناکر فتح کے قریب بھی پہنچ گئی، مگر یہ معلوم نہیں تھا کہ قسمت کتنا بڑا مذاق کرنے والی ہے،گرین شرٹس کا آغاز بھی مایوس کن ہوا جب ابتدائی تین وکٹیں صرف 6 اوورز کے اندر گر گئی تھیں، بسمہٰ معروف نے 30 اور ثنا میر نے 22 رنز بناکر ٹیم کو سنبھالا دیا، آخری اوور میں8 رنز درکار تھے،دوسری ہی گیندکو ندا ڈار نے باؤنڈری کی سیر کرا دی، یوں پاکستانی کامیابی کا امکان روشن ہوگیا لیکن پھر آخری تینوں بالز پروکٹیں گرگئیں۔

ثنا میر اور ثانیہ خان رن آؤٹ ہوئیں، اس طرح اسکور برابر ہوگیا۔ سپر اوور میں پاکستانی ویمنز ٹیم 2 وکٹ پر صرف تین رنز ہی بنا پائی جبکہ ویسٹ انڈیز کیلیے بھی رنز بنانا آسان نہیں رہا، اس نے ابتدائی پانچ بالز پر ایک وکٹ پر صرف 2 رنز بنائے، اب کامیابی کیلیے آخری بال پر2 رنز درکار تھے، کیشونا نے ثنا میر کی گیند کو مڈ وکٹ باؤنڈری کی سیر کراکے ٹیم کوجشن منانے کا موقع فراہم کردیا۔اس سے قبل ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم 19.5 اوورز میں 88 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، ثنا نے 14 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں