پاک بھارت تعلقات میں دراڑوں سے پاکستانی فنکار مایوس

بالی ووڈ کے لیے سرمایہ کاری کرنیوالے کئی گلوکاروں کو میوزک کمپنیوں سے واضح پیغام نہیں مل رہا


Qaiser Iftikhar November 05, 2015
برطانیہ،یورپ اوردیگرممالک میں پروموٹرز نے بھی گلوکاروں کے معاوضے میں کمی کردی فوٹو : فائل

پاکستان میں میوزک انڈسٹری کے شدید بحران کے باعث بالی ووڈ میں اپنی قسمت آزمانے کی خواہش رکھنے والے معروف اورنوجوان گلوکاربھارت میں شیوسیناکے پاکستانیوں اورمسلمانوں کے خلاف احتجاج اورتشدد کرنے کے واقعات میں روزبروز اضافہ سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں بڑھتی دراڑیں دیکھ کرمایوس ہونے لگے۔

پہلے ہی پاکستان میں میوزک انڈسٹری سے وابستہ ہزاروں لوگ دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ اورپروگراموں کے اوقات کار اوردیگرپابندیوں کے باعث شدید مالی مشکلات سے دوچار ہوچکے ہیں جب کہ بہت سے گلوکاروں نے خود سرمایہ لگا کربالی ووڈ تک رسائی کے لیے خاصی رقم خرچ کررکھی تھی لیکن دونوں ملکوں کے حالات کے پیش نظراب ان میں مایوسی بڑھنے لگی ہے۔ ایک طرف تو بھارت میں شیوسینا سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند ہندوپاکستانی فنکاروں، گلوکاروں، ادیبوں، سیاستدانوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جب کہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے، دوسری جانب بھارتی میوزک کمپنیوں کی جانب سے اب پاکستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان گلوکاروں کو''گرین سگنل'' نہیں مل رہا۔

اس کے علاوہ برطانیہ، یورپ سمیت دیگرممالک میں کام کرنے والے پروموٹرز نے بھی پاک، بھارت تعلقات کومدنظررکھتے ہوئے گلوکاروں کے معاوضے میں خاصی کمی کردی ہے۔ اس سلسلہ میں میوزک انڈسٹری کے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں میوزک کے شعبے سے وابستہ گلوکاروں، ساندوں، ساؤنڈ انجیئنرز، لائٹنگ اوردیگرتکنیکی شعبوں کے لوگ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہوچکے ہیں۔ریکارڈنگ اسٹوڈیوز میں ہونے والا کام تیار ہونے کے بعد ریلیز نہیں کیا جارہا ہے کیونکہ پاکستان میں میوزک ریلیزنگ کمپنیاں بند ہوچکی ہیں۔

ایسے میں معروف اورنوجوان گلوکاروں کے پاس بھارت ہی ایک ایسا پلیٹ فارم تھا جہاں وہ اپنی قسمت آزما سکتے تھے ،مگراب وہاں کے حالات پاکستانیوں اورخصوصاً مسلمانوں کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔ اس لیے حکومت پاکستان کومیوزک انڈسٹری کی بحالی اوربہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کرنے چاہیے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں