سرفہرست ٹیکس دہندگان کوپروٹوکول دینے کی ہدایت

ایماندارٹیکس گزاروں کے مسائل ترجیحاًحل کیے جائیں،کلکٹراپریزمنٹ ایسٹ کراچی

500اچھے ٹیکس دہندگان اورزیادہ ریونیودینے والی10فرمزکی فہرست تیارکر لی گئی،ذرائع فوٹو: فائل

LONDON:
پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کراچی کلکٹریٹ نے ملائیشین کسٹمز کی ''گولڈن چیئر''کی طرز پر باقاعدگی سے سرفہرست ٹیکس دہندگان کو مکمل پروٹوکول دینے کی پالیسی اختیارکرلی ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ اس ضمن میں کلکٹر اپریزمنٹ ایسٹ کراچی ماجدیوسفانی نے اپنے اسٹاف کو ہدایات بھی جاری کردی ہیں کہ وہ قومی خزانے میں باقاعدگی کے ساتھ ڈیوٹی وٹیکسوں کی ادائیگیاں کرنے والے اچھے پروفائل کے حامل کمپنیوں وافراد کو کلکٹریٹ میں آمد پر مکمل پروٹوکول دیتے ہوئے انہیں درپیش مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔


ذرائع نے بتایا کہ کلکٹریٹ نے 500 سے زائد ایماندار ٹیکس دہندگان کی فہرست مرتب کی ہے، ساتھ ہی ستمبر2015 کے دوران سب سے زیادہ کسٹم ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی ادائیگیاں کرنے والی 10 سرفہرست کمپنیوں کی فہرست بھی مرتب کی گئی ہے ان میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی سرفہرست ہے۔

جس نے ستمبر میں1.7 ارب روپے مالیت کی کسٹم ڈیوٹی ودیگر ٹیکسوں کی ادائیگیاں کیں، انڈس موٹرز نے1.4 ارب، اینگروکیمیکلز نے1.3 ارب، پاک سوزوکی نے98 کروڑ 10 لاکھ، این ٹی ڈی سی نے91 کروڑ60 لاکھ، انٹرنیشنل اسٹیل نے89 کروڑ20 لاکھ، صادق فیڈ نے69 کروڑ، ڈی جی خان سیمنٹ نے67 کروڑ 10 لاکھ، ٹی سی پی نے57 کروڑ50 لاکھ اور ہائی ٹیک لبریکنٹس نے46 کروڑ 10 روپے مالیت کی ادائیگیاں کیں۔
Load Next Story