پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ یوسف بقیہ میچز میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے

ابتدائی 20 پلیئرزمیں نام شامل نہ ہونے کی وجہ سے کسی ٹیم کی نمائندگی کے اہل نہیں۔


Sports Desk October 24, 2012
ابتدائی 20 پلیئرزمیں نام شامل نہ ہونے کی وجہ سے کسی ٹیم کی نمائندگی کے اہل نہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

اسٹار بیٹسمین محمد یوسف جاری پریذیڈنٹ ٹرافی میں حصہ نہیں لے سکیں گے، بعض رپورٹس کے مطابق یو بی ایل کے کپتان شبیر احمد انھیں اپنی ٹیم کی جانب سے کھلانے کے خواہاں ہیں مگر ایسا ہونا ممکن نہیں لگتا۔

پی سی بی کے ایک ٹاپ آفیشل کے مطابق کسی بھی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ارسال شدہ 20کھلاڑیوں کی فہرست میں یوسف کا نام شامل نہیں لہذا وہ ایونٹ میں شرکت کے اہل کیسے ہو سکتے ہیں؟ ان کے ایکشن میں نظر آنے کا چانس صرف اسی وقت بن سکتا ہے جب کوئی کھلاڑی پاکستانی ٹیم کی نمائندگی میں مصروف ہو جائے،ایونٹ کے دوران ایسا نہیں ہو گا، یوسف اگر ڈومیسٹک میچز کھیلنا چاہتے ہیں تو انھیں ریجنل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ یا ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کا انتظار کرنا ہو گا۔ دریں اثنا محمد یوسف نے ایک بار پھر پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر سلیکٹرز کی نگاہیں اپنی جانب مرکوز کرائیں گے۔

نمائندہ ''ایکسپریس'' نبیل ہاشمی سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں خود کو فٹ رکھنے کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھرپور محنت کر رہا ہوں،فی الحال میں ڈومیسٹک مقابلوں میں عمدہ پرفارم کرنے کا خواہشمند ہوں، انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر کارکردگی کیسی رہے گی یہ تو وقت ہی بتائے گا۔38 سالہ بیٹسمین نے مزید کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی اپنی فٹنس کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق رکھے تو عمر معنی نہیں رکھتی۔ یاد رہے کہ یوسف نے 90 ٹیسٹ پر محیط کیریئر کا آخری میچ انگلینڈ کیخلاف 2010 میں لارڈز میں کھیلا تھا، یہ مقابلہ سلمان بٹ، محمد آصف اور عامر کے اسپاٹ فکسنگ تنازع کی وجہ سے منفی خبروں میں رہا تھا۔ یوسف نے رواں سال پاکستانی ٹیم میں واپسی کی خواہش ظاہر کی مگر سلیکٹرز نے انھیں پہلے ڈومیسٹک میچز میں شرکت کا مشورہ دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں