غیرملکی پلیئرزکی سیکیورٹی 2 بلٹ پروف بسیں خریدی جائینگی

گورننگ بورڈ ارکان نے پریمیئرلیگ کی پریذنٹیشن پسند کرتے ہوئے تجاویزکومنظور کرلیا.

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران ٹیم کی کارکردگی پر تبادلہ خیال، ارکان کا اظہار اطمینان فوٹو: فائل

BEIJING:
پاکستان نے مجوزہ پریمیئر لیگ میں غیرملکی کرکٹرز کی سیکیورٹی کا ابتدائی منصوبہ تیار کر لیا۔

2 بلٹ پروف بسیں خریدنے کی گورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران منظوری لے لی گئی، دریں اثنا ارکان نے ایونٹ کی پریذنٹیشن کو پسند کرتے ہوئے تمام تجاویز کو منظور کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا ارادہ ہے کہ مارچ میں شیڈول پی پی ایل کی5ٹیموں میں کئی غیرملکی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جائے، اس کیلیے ابتدائی سیکیورٹی پلان پر منگل کو ایبٹ آباد میں گورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران غور کیا گیا، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ کھلاڑیوں کیلیے دو بلٹ بروف بسیں خریدنے کی منظوری مل گئی ہے۔


مہمان کرکٹرز کو ایئرپورٹ سے ہوٹل یا گرائونڈ انہی بسوں پر لے جایا جائے گا، ان سے خطرات بڑی حد تک کم ہو جائیں گے، اجلاس کے دوران ارکان کو پریمیئر لیگ کے حوالے سے پریذنٹیشن دے گی جسے سب نے بیحد پسند کرتے ہوئے تجاویز کو منظور کر لیا، ڈومیسٹک میچز میں کوکابورا گیند کے استعمال کی تجویز بھی تسلیم کر لی گئی۔ میٹنگ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران قومی ٹیم کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

ارکان نے اس پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیمی فائنل میں پہنچنے سے ظاہر ہے کہ پلیئرز نے اچھا کھیل پیش کیا۔ دریں اثنا گورننگ بورڈ ارکان نے ایبٹ آباد اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر بھی اتفاق کر لیا،بورڈ چاہتا ہے کہ گرمیوں میں وہاں میچز کا انعقاد کیا جائے، باہر کے ممالک کی طرح ایبٹ آباد کے گرائونڈ میں بھی گھاس پر شائقین کے بیٹھنے کا انتظام کیا جائے گا،میٹنگ میں خیبرپختونخواہ میں کرکٹ کے فروغ پر بات چیت ہوئی اور وہاں کے گرائونڈز کی حالت بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
Load Next Story