تحریک انصاف کا اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب لڑنے کا اعلان

شفقت محموداسپیکرقومی اسمبلی کے لیے امیدوار ہوں گے، وائس چیرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک November 05, 2015
شفقت محموداسپیکرقومی اسمبلی کے لیے امیدوار ہوں گے، وائس چیرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی۔

تحریک انصاف نے اسپیکر قومی اسبملی کے انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے جس کے امیدوار شفقت محمود ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئیں، انتخابات کے اگلے مراحل میں بہتری کا امکان پیدا ہونا چاہیے جب کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے تشویش میں اضافہ ہوا تاہم لاہور کی بہت سی یونین کونسلز میں ہم نے اچھا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں اسپیکر کا انتخاب لڑے گی اور شفقت محمود پی ٹی آئی کی جانب سے اسپیکر کے امیدوار ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے میں ناکام رہی ہے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں کیوں کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 25 فیصد کمی ہوئی تاہم پاکستانی عوام کو صرف 4 فیصد فائدہ دیا گیا، حکومت کو پیٹرول کی اضافی قیمت واپس لینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی ٹرانزیکشن کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، حکومت یہ معاہدہ پارلیمنٹ میں لائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔