دبئی کی فضاؤں میں اڑتے انسانوں نے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا

دبئی میں 2 مہم جو نے توانائی پروں کی مدد سے 5500 فٹ کی بلندی پر پرواز کی 


ویب ڈیسک November 06, 2015
دبئی میں 2 مہم جو نے توانائی پروں کی مدد سے 5500 فٹ کی بلندی پر پرواز کی۔

KARACHI: شاید وہ وقت اب آنے والا ہے جب انسان جہازوں پر نہیں بلکہ خود ہی ہوا میں اڑنے لگیں گے اور اس کا عملی مظاہرہ دبئی میں 2 مہم جو نے کیا جنہوں نے امارات ائیرلائن کے طیارے کے ساتھ کئی میل لمبی پرواز کی اور انہیں دیکھ کر لوگ حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

توانائی سے بنے پروں کو اپنے بازوؤں پر سجائے پہلے سے فضا میں موجود امارات ایئر لائن کے مقابلے میں ہیلی کاپٹر سے 2 مہم جو اترے اور فضا میں دلوں کی دھڑکنوں کو تیز کردینے والے مقابلے کا آغاز ہوگیا اور یوں لگا جیسے یہ دونوں انسان کسی بھی وقت اچانک زمین پر آگریں گے لیکن انہوں نے اپنی مہارت سے ایسا کرتب دکھایا کہ لوگ اپنی سانسیں روکنے پر مجبور ہوگئے۔ مہم جو یس روزی اور وینس ریفٹ نے 4 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتی امارات کی پرواز اے 380 کے مقابلے میں اور اس سے 5 ہزار 500 فٹ بلندی پر اڑنے کا مظاہرہ کیا اور پھر اپنی پرواز کے دوران جہاز کے آگے اور پیچھے اور دائیں اور بائیں تیز رفتار سے پرواز کرتے رہے۔

امارات کے ایگزیکٹو نائب صدر اور چیف آپریشنز عادل الردہا کا کہنا ہے کہ یہ انسان اور مشین کے درمیان پرواز کا ایک دلچسپ اور جادوئی مظاہرہ تھا جس کا آج سے سیکڑوں سال قبل تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مظاہرے نے اس راکٹ لگے پروں کی کامیابی کی بھی تصدیق کردی ہے اور اس سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ دبئی مستقل طور پر ایوی ایشن کی نئی تاریخ اور سرحدیں تخلیق کر رہا ہے۔

ان پروں کے ذریعے اڑنے والے پائلٹوں کا کہنا ہے کہ اس طرح اڑنا انتہائی خطرناک تھا اور یہ انجن کسی بھی وقت کنٹرول سے باہر ہوسکتے تھے لیکن انہوں نے اڑنے کا رسک لیا کیوںکہ یہ ان کا خواب تھا کہ وہ جہاز میں بیٹھنے کی بجائے باہر کھلی فضا میں خود سے اڑیں اور آج یہ خواب پورا ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں