کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی بریت کی درخواست خارج

ملزمہ کا ائیرپورٹ پرموجود ہونا،سامان سے بھاری رقم برآمد ہونا اوردبئی کا کنفرم ٹکٹ بادی النظرمیں شواہد ہیں،عدالت


ویب ڈیسک November 06, 2015
کیس پہلے سے ہی طویل التوا کا شکار ہے اب مزید التوا میں نہیں رکھا جائے گا،عدالت کا حکم: فوٹو:فائل

عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کو بری کرنے کی درخواست خارج کردی جب کہ اگلی تاریخ پر ملزمہ کو ہر حال میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب احمد نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد معروف ماڈل ایان علی کی عدم ثبوت پربری کرنے کی در خواست خارج کردی جب کہ عدالت نے ملزمہ کو آئندہ سماعت پر ہرصورت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمہ پر 12 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ ملزمہ کا ائیر پورٹ پرموجود ہونا،اس کے سامان سے بھاری رقم برآمد ہونا اور دبئی کا کنفرم ٹکٹ بادی النظرمیں شواہد ہیں کہ وہ کرنسی اسمگلنگ کیس میں ملوث ہیں جس کے باعث انہیں بری نہیں کیا جاسکتا ہے۔

سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کو طویل التوا دیا جائے جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیس پہلے سے ہی طویل التوا کا شکار ہے اس لئے مزید مہلت نہیں دی جاسکتی اورآئندہ سماعت پر ملزمہ کو ہر صورت عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ ماڈل ایان علی کو رواں برس مارچ میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے 5 لاکھ سے زائد امریکی ڈالردبئی منتقل کرتے ہوئے گرفتارکیا گیا تھا جس کے بعد سے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے متعدد بار سماعت ہوئیں لیکن فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں