پاکستان نے یورپی یونین کے ساتھ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا معاہدہ معطل کردیا

مغربی ممالک سے پاکستانیوں کو شدت پسندی کے الزامات لگا کر واپس بھجوایا جاتا ہے، وزیر داخلہ چوہدری نثار

مغربی ممالک سے پاکستانیوں کو شدت پسندی کے الازمات لگا کر واپس بھجوادیا جاتا ہے، وزیر داخلہ چوہدری نثار، فوٹو: فائل

پاکستان نے یورپی یونین کے ساتھ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا معاہدہ عارضی طور پر معطل کردیا جس کے تحت یورپی یونین میں غیر قانونیی طور پر قیام پزیر پاکستانیوں کو پاکستان واپس بھیجا جاتا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بتایا کہ یورپی یونین کے ساتھ غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا معاہدہ عارضی طور پر معطل کردیا گیا جس کے تحت یورپی یونین میں غیر قانونیی طور پر قیام پزیر پاکستانیوں کو پاکستان واپس بھیجا جاتا تھا۔ چوہدری نثار علی نے کہا کہ اکثر ممالک پاکستانی حکام سے پوچھے بغیر پاکستانیوں کو ملک بدرکردیتے ہیں تاہم یورپ جان لے کہ پاکستانیوں کے بھی حقوق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی 90 ہزار پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا جب کہ اب ایسا نہیں ہوگا، مستقبل میں حکومتی اداروں کی ان پاکستانیوں کے بارے میں اپنی تحقیقات مکمل کیے بغیر یورپ نے پاکستانی پناہ گزینوں کو واپس بھیجا تو طیارے کو لینڈ نہیں کرنے دیں گے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت یورپی ممالک کو خط لکھ رہی ہے کہ اگرچہ پاکستان اس معاہدے کی پاسداری کرے گا لیکن ان افراد کو پاکستان میں اس وقت تک داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک ان افراد کے بارے میں تحقیقات نہ کرلی جائیں کہ وہ پاکستانی ہیں اور اُن کے پاس پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک میں ایسے پاکستانیوں پر جو ان ملکوں کے شہری بھی ہیں، شدت پسندی کے الزامات لگا کر واپس بھجوا دیا جاتا ہے لیکن جس طرح وہ انسانی حقوق سے متعلق پاکستان کو لیکچر دیتے ہیں وہ خود بھی انسانی حقوق کی پاسداری کریں۔


https://www.dailymotion.com/video/x3cr10q_european-union-agreement-suspended-from-pakistan_news

بھارت سے متعلق ایک سوال پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ جوہورہا ہے وہ تشویشناک اور بدترین ہے اور خاص طور پر بھارت میں پاکستانیوں کے خلاف توہین آمیز سلوک برداشت نہیں، حالیہ دنوں میں پیش آنے والے واقعات بدترین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جوکچھ پڑوسی ملک میں ہورہا ہے وہ دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے اور ہمارے ہمسائے کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آنا چاہیئے۔

وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت میں تمام ذیلی اداروں کو کمپیوٹرائز کردیا گیا ہے جب کہ نادرا میں کرپشن کرنے والے 200 سے زائد افراد کو نکالا جاچکا ہے اسی طرح ایف آئی اے کا بھی احتساب ہوگا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان سے آج کل معمول کی بات چیت نہیں اور ان کی ذاتی زندگی کے واقعے پر دلی رنج ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x3cr12p_chaudhry-nisar_news
Load Next Story