لاہور میں گرنے والی فیکٹری کے ملبے سے 50 گھنٹے بعد نوجوان کو زندہ نکال لیا گیا

ملبے سے زندہ نکالے جانے والے نوجوان کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی جس کی عمر 18 سال ہے


ویب ڈیسک November 06, 2015
ملبے سے زندہ نکالے جانے والے نوجوان کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی جس کی عمر 18 سال ہے، فوٹو: ایکسپریس نیوز

LONDON: سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین بوس ہونے والی فیکٹری کے ملبے سے 50 گھنٹے گزر جانے کے بعد نوجوان کو زندہ نکال لیا گیا۔

سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین بوس ہونے والی فیکٹری کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور اس دوران اب تک ریسکیو کارروائیوں میں فیکٹری مالک سمیت 35 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ فیکٹری کے ملبے تلے 50 گھنٹے دبے رہنے والا نوجوان معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا جس کو ریسکیو کرکے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی سی اولاہور کے مطابق سانحہ میں زندہ بچ جانے والے اس نوجوان کا نام شاہد اور عمر 18 سال ہے جب کہ نوجوان کا تعلق خانیوال سے ہے، نوجوان کو عمارت کے ملبے تلے دبے رہنے کے باعث ٹانگ اور جسم کے دیگر حصوں میں معمولی زخم آئے ہیں۔ ڈی سی او کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مزید افراد کے زندہ نکلنے کی بھی امید ہے۔

سانحہ میں زندہ بچ جانے والے نوجوان شاہد کے قریبی عزیز کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے ملبے سے لاش نکالی گئی جس کا نام شاہد بتایا گیا اور اس کے گھر والے اس لاش کو اپنا بیٹا سمجھ کر خانیوال لے گئے اور تدفین کردی تاہم اب شاہد کے زندہ ہونے کی خبر سنتے ہی اس کے اہل خانہ نے ریسکیو حکام سے رابطہ کیا اور اپنے بیٹے کی زندگی کی خبر سنتے ہی خوشی سے جھوم اٹھے اور اللہ کے حضور سربسجود ہوگئے۔ شاہد کے عزیز کا کہنا ہے کہ اس کے اہل خانہ اس کے زندہ بچ جانے کی خبر سنتے ہی اس سے ملنے خانیوال سے لاہور کے لیے نکل گئے جب کہ ریسکیو حکام کے مطابق شاہد سمجھ کر اس کے اہل خانہ کو دی جانے والی لاش کی شناخت میں غلطی ایک ہی ولدیت کے نام کی وجہ سے ہوئی۔

نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق فیکٹری کےملبے تلے اب بھی کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جن کے عزیز اپنے پیاروں کی زندگیوں کی آس لیے وہاں موجود ہیں اور ان کے ملبے سے زندہ نکلنے کے معجزے کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کی شام پلاسٹک بیگ تیار کرنے والی فیکٹری کی عمارت زمین بوس ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں اب تک 35 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 120 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں