پٹرول اور ٹماٹر مہنگے ہونے سے ہفتہ وار افراط زر میں094فیصد اضافہ

لاہور میں ٹماٹر 100 روپے جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں120 روپے فی کلوگرم فروخت ہو رہا ہے۔


Business Desk November 07, 2015
گزشتہ ہفتے افراط زر کی شرح میں سب سے زیادہ اضافہ 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے 1.02 فیصد کا اضافہ ہوا۔ فوٹو : فائل

SWAT: ملک میں پٹرول، ٹماٹر، چکن اورآلو مہنگے ہونے کے باعث ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں0.94 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 5 نومبر 2015 کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک میں ٹماٹر کی اوسط قیمت ہفتہ وار بنیادوں پر 36.66 فیصد کے اضافے سے 94.47 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی، چند ایک کو چھوڑ کر بیشتر شہروں بشمول اسلام آباد، لاہور میں ٹماٹر 100 روپے جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں120 روپے فی کلوگرم فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح زندہ مرغی 11.09 فیصد کے اضافے سے ملک میں اوسطاً 134.45 روپے فی کلوگرام دستیاب ہے، آلو کی قیمت بھی 5.62 فیصد بڑھ کر 34.41 روپے فی کلوگرام ہو گئی جبکہ پٹرول کی قیمت 3.50 فیصد اضافے کے نتیجے میں 77.17 روپے فی لیٹر ہوگئی جو 29اکتوبر2015 کو ختم ہفتے میں 74.56 روپے فی لیٹر تھی۔

اس کے علاوہ لہسن2.67 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2.27 فیصد، انڈے1.75 فیصد، چائے کی پتی1.36 فیصد، ایل پی جی گھریلو سلنڈر 1.08 فیصد، دال ماش0.76 فیصد، مٹی کا تیل0.75 فیصد، گائے کے گوشت کی پکی پلیٹ (اوسط ہوٹل) 0.74 فیصد، دال کی پکی پلیٹ (اوسط ہوٹل) 0.64 فیصد، گندم 0.38 فیصد، جلانے کی لکڑی0.25 فیصد، بکرے کا گوشت 0.24 فیصد مہنگا ہوگیا، گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 22 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

اس کے علاوہ 10 اشیا کی قیمتیں کم ہوئیں، سب سے زیادہ کمی کیلے کی قیمت میں 3.52 فیصد ہوئی جس سے کیلے اوسطاً 59.79 روپے فی درجن ہوگئے، اس کے علاوہ گڑ2.42 فیصد، ویجیٹیبل گھی(تھیلی) 0.77 فیصد، دال مونگ0.77 فیصد، باسمتی ٹوٹا چاول0.76 فیصد، چینی 0.64 فیصد، پکانے کا تیل (ٹن)0.52 فیصد، اری6 چاول 0.43 فیصد، ویجیٹیبل گھی (ٹن)0.39 فیصد اور پیاز کی قیمت 0.23 فیصد تک کم ہوگئی، اس کے علاوہ 21 اشیا کے نرخ برقرار رہے۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے افراط زر کی شرح میں سب سے زیادہ اضافہ 35ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے 1.02 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ 8ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی 0.80 فیصد، 12ہزار تک کمانے والوں کے لیے 0.83 فیصد، 18ہزار روپے آمدن والوں کے لیے 0.89 فیصد اور 35 ہزار روپے تک ماہانہ کمانے والوں کے لیے گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.94 فیصد کا اضافہ ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔