براڈ کی گیند سے چھیڑ چھاڑ گوروں کے کالے کرتوت افشا ہونے لگے

ٹی وی فوٹیج میں پیسرکوناخن سے بال کھرچ کرریورس سوئنگ کیلیے موزوں بناتے دیکھاگیا

حفیظ ڈھکے چھپے الفاظ میں انگلینڈ کی غیرمعمولی ریورس سوئنگ بولنگ پر حیرانی ظاہر کر چکے ۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے خلاف شارجہ ٹیسٹ میچ میں انگلش بولر اسٹیورٹ براڈ کی گیند سے چھیڑچھاڑ کے ثبوت سے گوروں کے کالے کرتوت افشا ہونے لگے،

۔تفصیلات کے مطابق شارجہ ٹیسٹ میں انگلش پیسرز نے توقعات کے برعکس ریورس سوئنگ سے پاکستانی بیٹنگ لائن کو پریشان کیے رکھا، میزبان اوپنر محمد حفیظ نے151کی فتح گر اننگز کھیل کر جیت کا راستہ تو بنایا تاہم سفر آسان نہیں تھا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے حفیظ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھاکہ اپنے 13سالہ کیریئر میں کبھی اتنی ریورس سوئنگ نہیں دیکھی، سیریز کے دوران بھی اسپن کے لیے سازگار کنڈیشنز میں انگلش پیسرز کی کارکردگی سب کے لیے حیران کن تھی۔

جیمز اینڈرسن نے 3 ٹیسٹ میں37 اوورز میڈن کیے اور 15.61 کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کیں، اکانومی ریٹ 1.87 رہا، براڈ نے 27.28 کی ایوریج سے 7 شکار کیے، شارجہ میں پاکستانی اسپنرزنے 17 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جیمز اینڈرسن اور اسٹیورٹ براڈ نے 11 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، اب اس کارکردگی کا بھید کھلتا نظر آرہا ہے۔


میڈیا میں یہ اطلاعات گردش میں رہیں کہ سیریز کے تیسرے میچ میں گیند سے گڑبڑ کے آثار نظر آئے، ٹی وی اسکرین پر اسٹیورٹ براڈ بال کو ناخنوں سے کھرچتے دکھائی دیے، امپائر بھی قریب تھے لیکن انھوں نے کوئی نوٹس لیا نہ میچ آفیشلز نے ضرورت محسوس کی، رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر اسی بال ٹمپرنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پیسرز2 قابل بھروسہ بیٹسمینوں مصباح الحق اور اسد شفیق کی وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، ان حربوں کے باوجود میزبان ٹیم اچھا ہدف دینے میں کامیاب ہوگئی، باقی کام بولرز نے کردکھایا۔

یاد رہے کہ دبئی ٹیسٹ میں جوئے روٹ نے وہاب ریاض پر بال ٹمپرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیسر پانی کے وقفے میں پیروں سے گیند کا حلیہ بگاڑ رہے تھے، ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے شکایت بھی سامنے آئیں، کوئی شواہد پیش کیے گئے نہ ہی آفیشلز نے کوئی کارروائی کی لیکن انگلش میڈیا نے خوب شور مچایا، اسٹیورٹ براڈ کے مناظر سامنے آنے کے باوجود انگلینڈ کے خبررساں ادارے پراسرار خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی تنازع سے بچنے کے لیے معاملے کی رپورٹ کرنے سے گریز کیا ہے، ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان ہرسیریز میں کوئی نہ کوئی مسئلہ پیش آتا رہا ہے، پی سی بی کی کوشش ہے کہ اس بار ایسا نہ ہو تاکہ آئندہ برس ٹیم کا دورہ انگلینڈ بھی آسانی سے ہو جائے، اسی کے ساتھ براڈ نے چالاکی سے کام لیتے ہوئے جب محسوس کیا کہ ٹی وی کیمرے نے انھیں پکڑ لیا تو فوراً گیند امپائر کو دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ جمی ہوئی مٹی کو صاف کر رہا ہوں، یہ بات ان کے خلاف کسی کارروائی کا امکان ظاہر کررہی ہے۔
Load Next Story