راہداری منصوبوں کے ٹیکس امورنمٹانے میں تاخیر کانوٹس

وزارت پانی وبجلی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام کا خصوصی اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ


Irshad Ansari November 07, 2015
وزارت پانی وبجلی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام کا خصوصی اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ ۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم سیکریٹریٹ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کے لیے ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے متعلق معاملات کے حل میں تاخیر کا سختی سے نوٹس لے لیا اور اس حوالے سے جلد وزارت پانی و بجلی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام کا خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو ٹیکس سے چھوٹ سمیت دیگر معاملات کے حل کے لیے سیکریٹری پانی و بجلی اور چیئرمین ایف بی آر اعلی سطح کا اجلاس منعقد کریں گے جس میں راہداری منصوبوں کو ٹیکسوں سے چھوٹ دینے کے ایس آر اوز کے اجرا سے متعلق معاملات زیر غور آئیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے گزشتہ اجلاس میں بھی وزارت پانی و بجلی حکام کو آگاہ کیا گیا تھا کہ ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کا اختیار اب ایف بی آر کے پاس نہیں ہے اس کے لیے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظوری درکار ہوتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ان منصوبوں کے لیے درکار چھوٹ کی نشاندہی کرکے ای سی سی کو بھجوانے کا طریقہ کار طے کیا جائے گا تاکہ اس حوالے سے ایس آر اوز جاری ہوسکیں۔ ذرائع کے مطابق راہداری منصوبوں کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اسی لیے ایف بی آر نے وزارت پانی و بجلی کی درخواست پر ان اقتصادی راہداری منصوبوں کے لیے سیکریٹریز سطح کے 2 افسران کوخصوصی فوکل پرسن مقرر کیا ہے جبکہ ان منصوبوں کے لیے پورٹ قاسم سے ہونے والی درآمدات کو ودہولڈنگ ٹیکس سے چھوٹ پر عملدرآمد بھی شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے فوکل پرسن سطح کا بھی اہم اجلاس آئندہ ہفتے کراچی میں ہونے جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیشنل سیکیورٹی پالیسی کے تحت وفاقی حکومت نے راہداری منصوبوںکی مجموعی لاگت کا 1فیصد حصہ ان کی سیکیورٹی کے لیے قائم کی جانے والی خصوصی سیکیورٹی ڈویژن کے لیے مختص کرنے کو لازمی قرار دیا ہے اور اس حوالے سے جلد قومی سلامتی پالیسی کا بھی اعلان کیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔