2 روزہ ’’فیصل آباد لٹریری فیسٹیول‘‘ 13نومبر کو ہوگا

افتتاحی تقریب ادب آرٹ اور کلچر ہوگی، ’’بزبان قاسمی‘‘ اور ’’داستان گوئی پروگرام پہلے روز ہونگے


ناصر محمود شیخ November 09, 2015
12 بجے اصغر ندیم سید ’’سنہری یادیں‘‘ کے عنوان سے ساحرہ کاظمی اور راحت کاظمی سے گفتگو کریں گے۔ فوٹو: ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے خصوصی تعاون سے ادب و ثقافت کی دنیا کی نامور شخصیات پہلی بار فیصل آباد آئیں گی۔ 13 اور 14 نومبر کو ہونے والے ''فیصل آباد لٹریری فیسٹیول'' کی ڈریس ریہرسلز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ کے ممتاز کالم نگار، سینئر بیوروکریٹ، نیشنل مینجمنٹ ونگ کے ڈائریکٹنگ اسٹاف راؤ منظر حیات لٹریری فیسٹیول کے روح رواں ہیں۔ آرگنائزنگ کمیٹی میں اصغر ندیم، سید مسزا سارا حیات بھی شامل ہیں۔ ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راؤ منظر حیات نے کہا کہ فیصل آباد ان کی جنم دھرتی ہے اس کی محبتوں کا قرض ان پر واجب ہے۔ چنانچہ وہ ان کی فیملی اور احباب ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ ادبی و ثقافتی تقاریب کا مرکز فیصل آباد کو بھی بنایا جائے۔ گزشتہ سال پہلے فیصل آباد لٹریری فیسٹیول میں عداللہ حسین کو ان کے ناول اداس نسلیں کے پچاس سال مکمل ہونے پر بلوایا گیا تھا۔ اس بار فیسٹیول کی تقریبات اور شخصیات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ آرٹس کونسل کے نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں شرکاء کے لیے دعوت عام ہو گی۔ جمعہ 13 نومبر 3:30 سہ پہر ہونے والی افتتاحی تقریب کا موضوع ''آج کے تناظر میں ادب آرٹ اور کلچر'' ہو گا۔ صدارت انتظار حسین اور افضل احسن رندھاوا کریں گے۔

کلیدی خطبہ زہرہ نگار، جاوید جبار کی جنب سے ہو گا۔ ابتدائی کلمات اصغر ندیم سید اور اختتامی کلمات سارا حیات جب کہ نظامت کی ذمے داری شیبا عالم کے ذمے ہوگی۔ ساڑھے 5بجے عطاء الحق قاسمی ''بزبان قاسمی'' پیش کرینگے۔ ساڑھے 6 بجے فواد خان اور نذڑالحسن ''داستان گوئی'' پیش کریں گے ۔دوسرے روز ہفتہ14 نومبر کو صبح ساڑھے 9 بجے کشور ناہیداور آصف فرخی ''مٹھی بھر یادیں کے عنوان سے گفتگو کریں گے۔ 10 بج کر 15 منٹ پرڈاکٹر صغریٰ صدف پنجابی فکشن اور افضل احسن رندھاوا کے موضوع پرگفتگو کریںگی۔ 11 بجے محترمہ کشور ناہید،''پندرہ کہانیاں'' کے عنوان پر مستنصر حسین تارڑ سے گفتگو کریں گی۔ 11 بج کر 45 منٹ پر پاکستان انگلش ناول کے موضوع پر گفتگو ہو گی۔ 12 بجے اصغر ندیم سید ''سنہری یادیں'' کے عنوان سے ساحرہ کاظمی اور راحت کاظمی سے گفتگو کریں گے۔

ایک بجے تیمور رحمن اور شیبا عالم ''سعادت حسن منٹو کا افسانہ'' پر ادائیگی کریں گے۔ 2 بجے نوید شہزاد اور سرمد سلطان کھوسٹ ''تھیٹرکل، آج، کل'' کے عنوان کے تحت، کمال احمد رضوی سے گفتگو کریں گے۔ 2 بج کر 45 منٹ پر زہرہ نگار سے ملاقات میں آصف فرخی گفتگو کریں گے۔ساڑھے 3 بجے فیض احمد فیض کی یاد میں ''شام شہر یاراں'' کے عنوان سے منیزہ ہاشمی، عارفہ سید اور عدیل ہاشمی گفتگو کریں گے۔ 4 بجکر 15 منٹ پرنویدشہزاز خورشید محمود قصوری سے ان کی کتاب پرگفتگو کریں گے۔ 5 بجے آخری سیشن ہوگاجس میں ''فلم کا نیا مزاج اور پاکستانی فلمیں'' کے عنوان سے سرمد سلطان کھوسٹ، عثمان پیرزادہ اور اصغر ندیم سید گفتگو کریں گے جب کہ تہمینہ درانی پروگرام کی میزبان ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں