غزہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی بمباری میں 2 فلسطینی کمانڈر شہید

5افراد زخمی، بیت حانون میں زرعی اسکول کے قریب بمباری کی، جواب دیا جائیگا، القسام۔


Sana News October 24, 2012
یہودی آباد کاروں کا شہر الخلیل میں فلسطینی املاک پر حملہ، ایک گاڑی جلا کر فرار. فوٹو: رائٹرز

اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حانون پرغارت گری کرکے اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے دو کمانڈروں کو شہید کردیا ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے زرعی اسکول کے قریب بمباری کی۔ شہید ہونے والوں میں عبد الرحمن ابوجلالہ اور یاسر الترابین شامل ہیں۔ القسام بریگیڈ نے باقاعدہ طور پراپنے رہنما ابوجلالہ کی شہادت کا اعلان کیا ہے۔عسکری ونگ ناصر صلاح الدین بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ شہید یاسرتربین کا تعلق انکی بریگیڈ سے تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی 14 سے زیادہ گاڑیوں نے بیت حانون کے شمالی مشرقی علاقے میں ایک زرعی اسکول پر دھاوا بولا۔ اسرائیلی ٹینکوں اور ہیلی کاپٹروں نے فلسطینی املاک پراندھا دھند گولہ باری کی ۔ عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیلی بمباری اور بری فوجی حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل کواس کارروائی کی قیمت چکانا پڑیگی۔ اس کارروائی میں دیگر پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔دریں اثنا مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کی ایک آبادی پردھاوا بولا اور متعدد املاک کو نقصان پہنچایا ہے۔

انتہا پسندوں نے ایک فلسطینی گاڑی کو جلا کر راکھ کر دیا۔ حملہ آوروں نے دیواروں پر نسلی تعصب پر مبنی نعرے بھی لکھ دیے۔یہودی آباد کاروں کے ایک انتہا پسند گروہ نے شہر کے جنوبی گاؤں ابوالعیسا پر حملہ کیا اورفلسطینی شہریوں کو زدوکوب کرنا شروع کردیا۔اس دوران ایک گاڑی کو مکمل طور پر جلا کر راکھ کر دیا گیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ گاڑی کو آگ لگانے کے بعد یہودی اپنی گاڑی میں سوار ہوکر فرار ہو گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں