لاہورکے علاقے برکی میں آئل ڈپو میں آگ لگنے سے 5 افراد جھلس کر جاں بحق

واقعے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا


ویب ڈیسک November 09, 2015
واقعے میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، فوٹو: فائل

برکی میں لوہا مارکیٹ کے آئل ڈپو میں آگ لگنے کے نتیجے میں 5 افراد جھلس کر جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے برکی میں لوہا مارکیٹ کے قریب واقع آئل مارکیٹ میں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے آئل ڈپو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور اس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ 2 شدید زخمی راستے میں ہی دم توڑ گئے جب کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت بھی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے 3 افراد کی شناخت عمران، ساگر اور عمران ولد فجرو کے نام سے ہوئی جب کہ دیگر 2 افراد کی لاشیں جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہوگئیں۔

آئل ڈپو میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد فوری طور پر فائر فائٹرز کو طلب کرلیا گیا جب کہ ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو کے مطابق آئل ڈپو میں آگ بوائلر کی ٹینکی پھٹنے کی وجہ سے لگی جس پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی لاہور میں 4 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں اب تک 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں