سعید اجمل نے فیصل آباد اکیڈمی واپس نہ دینے پر سامان جلانے کی دھمکی دیدی

اگر کرکٹ اکیڈمی دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہ کیا گیا تو اکیڈمی میں موجود کھیلوں کا سارا سامان جلادوں گا، قومی کرکٹر


ویب ڈیسک November 09, 2015
اگر کرکٹ اکیڈمی دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہ کیا گیا تو اکیڈمی میں موجود کھیلوں کا سارا سامان جلادوں گا، قومی کرکٹر، فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہےکہ فیصل آباد میں اگر انہیں اکیڈمی کی اراضی واپس نہ کی گئی تو وہ اس میں موجود کھیلوں کا سارا سامان احتجاجاً جلا دیں گے۔

قومی ٹیم کے اسپنر سعید اجمل سے گزشتہ دنوں فیصل آباد میں اکیڈمی کے لیے دی گئی اراضی واپس لے لی گئی ہے جس پر قومی ٹیم سے باہر بیٹھے اسپنر بھڑک اٹھے اور انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر کرکٹ اکیڈمی دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہ کیا گیا تو وہ اکیڈمی میں موجود کھیلوں کا سارا سامان احتجاجاً جلادیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تعمیر سے لیکر اب تک اکیڈمی پر 6 کڑور روپے خرچ کرچکے ہیں جب کہ اکیڈمی میں 350 سے زائد کھلاڑی تربیت حاصل کررہے ہیں۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں سعید اجمل کا کہنا تھا کہ اگر انہیں موقع دیا جائے تو وہ انگلینڈ کو اگلے 4 ماہ میں 2 بہترین اسپنر دے سکتے ہیں اس کے لیے وہ کاؤنٹیز سے اسپنر کا ایک سیشن کرائیں گے جس میں سے 2 بولروں کا انتخاب کرکے اگلے 4 ماہ میں 2 بہترین اسپنرز تیار کرسکتے ہیں جو کہ آئندہ آنے والے دنوں میں بھارت، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔

واضح رہے کہ سعید اجمل نے کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے اپنا ایکشن تبدیل کیا جس کے باعث ان کی بولنگ بے اثر ہو گئی اور وہ اب ٹیم سے باہر ہیں جب کہ گذشتہ دنوں انہوں نے ایک انٹرویو میں آئی سی سی پر دہرا معیار اپنانے کا الزام عائد بھی کیا تھا جس پر بورڈ بھی ان سے ناراض ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں