پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ علیزے نصر ’’یلغار‘‘ اور’’وارٹو‘‘ میں اہم کردار نبھائیں گی

پاکستان میں فلمسازی کا شعبہ دن بدن بہتری کی طرف جا رہا ہے اوراس میں پڑھے لکھے لوگ آرہے ہیں، علیزے نصر

مستقبل میں دنیا کی بڑی فلم انڈسٹریوں کی فلموں کاحصہ بنوں گی،علیزے ۔ فوٹو : فائل

امریکی ریاست لاس اینجلس کی 'نیویارک فلم اکیڈمی ' (این وائی ایف اے) سے اداکاری میں گریجوایشن کرنے والی باصلاحیت اداکارہ علیزے نصر پاکستانی فلموں 'یلغار' اور'وار ٹو' میں اہم کردارنبھائیں گی۔

دبئی میں پرورش پانے والی پاکستانی نژاد خوبرو اداکارہ نے امریکا میں اپنی تعلیم مکمل کی۔ انھیں ایکٹنگ کے علاوہ گھڑسواری، آئس سکیٹنگ اورجاز، سالسا اورانڈین کلاسیکل رقص پر بھی عبور حاصل ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے علیزے نصرنے '' ایکسپریس'' کوبتایا کہ میرا تعلق ایک ایسی فیملی سے ہے جس میں تعلیم کے شعبے کو سب سے زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔ فیملی کی اکثریت کاروبارکرتی یا پھر ملازمت لیکن میں نے اپنے لیے فلم کوچنا۔ جب میں نے اپنے والد کویہ بتایا کہ میں فلموں میں کام کرنا چاہتی ہوں تو ان کی ایک فرمائش تھی کہ مجھے اس سے پہلے اپنی تعلیم مکمل کرنا ہوگی۔


اس لیے میں نے امریکا میں اپنی تعلیم مکمل کی اورپھر ہالی ووڈ سے کام کا آغازکیا۔ جہاں تک بات پاکستانی فلموں کی ہے تومیں نے اپنی زندگی میں کوئی پاکستانی فلم نہیں دیکھ رکھی تھی اورنہ ہی مجھے پتہ تھا کہ یہاں پربننے والی فلمیں کیسی ہوتی ہیں۔ اس لیے جب میری ملاقات دبئی میں ڈاکٹر وقاص حسن سے ہوئی توانھوں نے اپنی فلم 'وار' کے بارے میں بتایا۔ میں نے اپنے والد سے اس فلم کے بارے میں پوچھا اور پھر مجھے پاکستانی فلم میں کام کرنے کا گرین سگنل مل گیا۔

اس فلم کودیکھنے کے بعد مجھے پتہ لگا کہ پاکستان میں فلمسازی کا شعبہ دن بدن بہتری کی طرف جا رہا ہے اوراس میں پڑھے لکھے لوگ آرہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے جب کام کرنے کی ٹھانی توپھرمجھے ''وارٹو'' اور ''یلغار'' جیسی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی۔ سب جانتے ہیں کہ کثیرسرمائے سے بننے والی دونوں فلموں کی کاسٹ میں پاکستان کے بہترین فنکار اورتکنیک کار شامل ہیں۔

اسی لیے مجھے یہ فیصلہ لینے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انھوں نے بتایا کہ میں خود کو صرف پاکستانی فلموں کے لیے ہی محدود نہیں رکھنا چاہتی۔ مجھے ہالی وڈ اور بالی وڈ میں بھی کام کی پیشکش ہے اور میں مستقبل میں دنیا کی سب سے بڑی اور مقبول فلم انڈسٹریوں میں بننے والی فلموں کا بھی حصہ بنوں گی۔
Load Next Story