بنگلہ دیش پریمیئر لیگ مصباح رنگپور کی جانب سے رنگ بکھیریں گے

خود کو متحرک اور فٹ رکھنا چاہتا ہوں، جہاں بھی موقع ملے کھیلوں گا، بیٹسمین


Sports Reporter November 10, 2015
خود کو متحرک اور فٹ رکھنا چاہتا ہوں، جہاں بھی موقع ملے کھیلوں گا، بیٹسمین:فوٹو : فائل

مصباح الحق کا بنگلہ دیش پریمیئرلیگ سے معاہدہ ہوگیا، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں رنگپوررائیڈرزکی جانب سے رنگ بکھیریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ خود کو متحرک اور فٹ رکھنا چاہتا ہوں، جہاں بھی مواقع ملے کھیلوں گا۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق کا بی پی ایل کی فرنچائز سے معاہدہ طے پاگیا، وہ رنگپوررائیڈرزکی نمائندگی کریں گے، ان سے پہلے پلیئرز ڈرافٹ میں کسی ٹیم نے ان میں دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی،ایونٹ کیلیے کئی دیگر پاکستانی کھلاڑی بھی مختلف ٹیموں سے معاہدے کر چکے ہیں، قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہدآفریدی سلہٹ سپراسٹارز، شعیب ملک کومیلا وکٹورینزاورمحمد عامرچٹاگانگ وائی کنگزکی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

شاہ زیب حسن اور سہیل خان ڈھاکا ڈائنامائٹس، عماد وسیم اور محمد سمیع باریسل بلز، سہیل تنویر سلہٹ سپر اسٹارز، وہاب ریاض رنگ پوررائیڈرز اور سعیداجمل چٹاگانگ وائی کنگز میں شامل ہیں، بی پی ایل کا تیسرا ایڈیشن 22نومبرسے 5 دسمبرتک شیڈول ہے۔ مصباح الحق نے 2012 میں ٹی ٹوئنٹی اور رواں سال ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا،انھوں نے طویل فارمیٹ سے ریٹائرہونے کا بھی اشارہ دیا تھا لیکن پی سی بی کی خواہش ہے کہ وہ آئندہ سال جولائی میں دورئہ انگلینڈ تک ٹیم کی قیادت جاری رکھیں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ طویل وقفے کے بعد فارم اور فٹنس کو ٹیسٹ میچز کے معیار سے ہم آہنگ رکھنا آسان نہیں ہوگا،وہ ڈومیسٹک مقابلوں کے ساتھ، کائونٹی اور لیگز میں شرکت کرتے ہوئے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ایک انٹرویومیں انھوں نے کہاکہ میں نے بنگلہ دیش لیگ سے معاہدہ کرلیا،کسی سہل پسندی کا شکار ہونے کے بجائے خود کو متحرک اور فٹ رکھنا چاہتا ہوں، اس مقصد کیلیے جہاں بھی موقع ملے کھیلوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔