ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرعابد شیر علی نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگ لی

آیندہ سماعت پر معافی نامے کاجائزہ لے کرفیصلہ دیں گے،چیف الیکشن کمیشن


ویب ڈیسک November 10, 2015
فیصل آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں شرکت کی تھی لیکن انتخابی قواعدکی خلاف ورزی نہیں کی، عابد شیر علی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی اور ان کے والد چوہدری شیر علی نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔

اسلام آباد میں چیف الیکشن کمیشن کی سربراہی میں وزیر مملکت عابد شیر علی ، ان کے والد چوہدری شیر علی اور دیگر کے خلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران عابد شیر علی الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے تاہم عابد شیر علی اور دیگر کے وکلا نے اپنے موکلین کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا۔

تحریری جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کا بے حد احترام کرتے ہیں انہوں نے فیصل آباد میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں شرکت کی تھی لیکن انتخابی قواعدکی خلاف ورزی نہیں کی۔ جس پر چیف الیکشن کمیشن نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عابد شیرعلی کےمعافی نامہ کاجائزہ لےکر اس سے متعلق آئندہ سماعت میں فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ عابد شیرعلی ، ان کے والد اور دیگر پر الزام ہے کہ انہوں نے فیصل آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لئے مہم کا وقت ختم ہونے کے باوجود جلسہ جاری رکھ کر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔