بھارتی وزارت داخلہ نے قصاب کی رحم کی اپیل مسترد کردی

اجمل قصاب کی معافی کی درخواست مستردکردی جائے، صدرپرنب مکھرجی سے سفارش

اب بھارتی صدرکوجلد فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی،سپریم کورٹ نے سزابرقرار رکھی تھی۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

بھارتی وزارت داخلہ نے ممبئی پر حملہ کرنے والوں میں سے واحد زندہ بچنے والے مجرم اجمل امیر قصاب کی رحم کی اپیل کو مسترد کردیا ہے۔


وزارت داخلہ نے منگل کو اس سے متعلق اپنی سفارشات صدر پرنب مکھرجی کوبھیج دیں کہ اجمل قصاب کی معافی کی درخواست مسترد کر دی جائے۔وزیرداخلہ سشیل کمارچھِنڈے نے کہا کہ ممبئی حملو ں کے مجرم کے لیے معافی کی گنجائش نہیں، 18ستمبرکو قصاب نے اپنی موت کی سزا معاف کرنے کے لیے بھارتی صدر سے رحم کی اپیل کی تھی۔ اس سے پہلے بھارتی سپریم کورٹ نے ان کی موت کی سزا کو برقرار رکھا تھا جس کے بعد پھانسی سے بچنے کا آخری راستہ صدرسے رحم کی اپیل تھا ۔

وزارت داخلہ کی طرف سے رحم کی اپیل مسترد کیے جانے بعد اب صدرکوجلد فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی۔اس سے قبل 29اگست کوبھارتی سپریم کورٹ نے اجمل قصاب کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے سزا برقرار رکھی تھی۔اجمل قصاب 26 نومبر 2008ء کو ممبئی پرحملے میں 10حملہ آوروں کے گروپ کا حصہ تھے۔ ان کے باقی ساتھی پولیس کے ہاتھوں مارے گئے لیکن قصاب زندہ پکڑا گیا تھا۔قصاب کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ممبئی کے ریلوے اسٹیشن، تاج ہوٹل، اوبیرائے ہوٹل، ناریمن ہاؤس اور لیوپولڈ کیفے پرایک ساتھ حملہ کیا گیا تھا۔ اس میں متعدد غیر ملکیوں سمیت 166 افراد ہلاک اور 238 زخمی ہوئے تھے۔

Recommended Stories

Load Next Story