پاکستان نے پہلے ون ڈے میں انگلینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دے دی

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ 102 اور بابر اعظم 62 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔


ویب ڈیسک November 11, 2015
محمد حفیظ کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔


ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 217 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی اور بلال آصف اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے دونوں بالترتیب 8 اور 2 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے جب کہ اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے یونس خان بھی محض 9 رنز ہی بناسکے تاہم چوتھی وکٹ کے لیے محمد حفیظ اور شعیب ملک نے 70 رنز کی شراکت داری قائم کی، شعیب ملک 26 رنز پر معین علی کا شکار بنے، پانچویں وکٹ کے لیے بابر اعظم نے محمد حفیظ سے ملکر 106 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، بابر اعظم 62 اور محمد حفیظ 102 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹوپیلی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلش قائد این مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 50ویں اوور میں 216 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر جیسن رائے محمد عرفان کی گیند پرکلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد دوسرے اوور میں 7 کے مجموعی اسکور پرجوئے روٹ محمد انور کا شکار بنے، شدید دباؤ کا شکار انگلش ٹیم نے ابھی سنبھلنے کی کوشش ہی کی تھی کی انورعلی کے دوسرے اوور میں الیکس ہیل 10 رنز بنانے کے بعد یونس خان کو کیچ دے بیٹھے۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں کپتان این مورگن اور جیمز ٹیلرنے 133 قیمتی رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعہ 147 تک پہنچا تو مورگن 76 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بن گئے جب کہ ایک رنز کے اضافے کے بعد نئے آنے والے بلے باز جوز بٹلر بھی ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، کپتان کے جانے کے بعد ٹیلر کی ہمت بھی جواب دے گئی وہ 60 رنز پر شعیب ملک کے ہاتھوں آوٹ ہوئے جب کہ بٹلر ایک، معین علی 7، عادل رشید 7 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تاہم کرس ووس اور ڈیوڈ ویلی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 31 رنز بنائے اس دوران ویلی 13 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 3 ، انور علی، شعیب ملک نے 2،2 جب کہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ تجربے کار مڈل آرڈر بلے باز یونس خان آج اپنا آخری ون ڈے میچ کھیل کر ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے اور اس کا اعلان انھوں نے میچ سے 3 گھنٹے قبل اپنے دوستوں اور گھر والوں سے مشاورت کے بعد کیا۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور احمد شہزاد کی جگہ بلال آصف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |