جرائم اور راہ زنی کی وارداتوں میں پنجاب سب سے آگے

5 برسوں میں ملک  بھر میں چوری کے 3 لاکھ 73 ہزار واقعات میں سے 3 لاکھ 10 ہزار پنجاب میں رپورٹ ہوئے  


ویب ڈیسک November 11, 2015
راہ زنی کے ایک لاکھ 19 ہزار 796 میں سے پنجاب میں 93 ہزار واقعات رپورٹ ہوئے، قومی اسمبلی میں تحریری جواب فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایوان کو بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران ملک بھر میں چوری کے 3 لاکھ 73 ہزار واقعات میں سے 3 لاکھ 10 ہزار پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مختلف ارکان کے سوالات کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ امور مریم اورنگزیب نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک میں راہ زنی کے ایک لاکھ 19 ہزار 796 واقعات ہوئے جن میں سے پنجاب میں 93 ہزار، سندھ میں 21 ہزار اور خیبر پختونخوا میں 765 واقعات ہوئے۔ ملک میں چوری کی 3 لاکھ 74 ہزار 309 وارداتوں میں صرف پنجاب میں 3لاکھ 10 ہزار، سندھ میں 46 ہزار جب کہ خیبر پختون خوا میں 8 ہزار واقعات ریکارڈ کئے گئے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کو اب تک 118 ارب 47 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ پنجاب میں 13 ارب 44 کروڑ، سندھ 16 ارب 58 کروڑ، خیبر پختونخوا 15 ارب6 کروڑ، بلوچستان 4 ارب 36 کروڑ، اسلام آباد 13 کروڑ، فاٹا 6 کروڑ 85 لاکھ، آزاد کشمیر ایک کروڑ 26 لاکھ اور گلگت بلتستان میں 35 کروڑ 81 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔