اسلام آباد کو مکمل طور پر جرائم سے پاک کیا جائے گا چوہدری نثار علی

وفاقی وزیر داخلہ کی زیرصدارت دارالحکومت میں امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا


ویب ڈیسک November 11, 2015
وفاقی وزیر داخلہ کی زیرصدارت دارالحکومت میں امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا، فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے ایف آئی اے کو امن وامان کے لیے زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو مکمل طور پر کرائم فری بنایا جائے گا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیراداخلہ چوہدری نثار علی کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ، چیرمین نادرا، ایف آئی اے اور پولیس حکام نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں اسلام آباد میں جرائم کی موجودہ صورتحال اور پچھلے چند سال کا تقابلی جائزہ لیا گیا جب کہ اسلام آباد سیف سٹی پروجیکٹ پر پشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب میں وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پچھلے چند سال کی نسبت امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے لہٰذا اسلام آباد کو مکمل طور پر کرائم فری بنایا جائے گا جب کہ امن وامان کے لیے زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر جرائم سے متعلق حکمت عملی بنائیں اور رپورٹ دیں جب کہ کسی بھی واقعے پر ذمہ داروں کا تعین اور جواب طلبی کی جائے، پولیس عوام کے ساتھ نرم اور مجرموں سے رویہ سخت رکھے۔ انہوں نے کہا کہ باہر سے ڈی پورٹ افراد کی شہریت کی تصدیق کا عمل یقینی بنایا جائے اور لوگوں کو غیرقانونی باہر بھیجنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ چوہدری نثار نے ایف آئی اے کو ایئرپورٹس پر اسپیشل سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔