چین میں سنگل ڈے پر آن لائن خریداری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم 

عوام نے صرف پہلے 8 منٹ میں ایک ارب ڈالر کی خریداری کرکے ریکارڈ قائم کردیا


عوام نے صرف پہلے 8 منٹ میں ایک ارب ڈالر کی خریداری کرکے ریکارڈ قائم کردیا، فوٹو اے ایف پی

لاہور: چین کی تیزی سے بڑھتی معیشت نے جہاں امریکا اور یورپی طاقتوں کی نیندیں اڑا دی ہیں وہیں چینی عوام آن لائن شاپنگ کے جنون میں بھی مبتلا ہوگئے ہیں اور سنگل ڈے کے موقع پر چین میں آن لائن شاپنگ کرنے والوں نے صرف دن کے پہلے 14 گھنٹوں میں 10 ارب ڈالر کی خریداری کر کے گزشتہ سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں 11 نومبر کو سنگل ڈے یعنی اکیلے رہنے والوں کے دن کے موقع پر آن لائن شاپنگ کی کمپنی علی بابا نے گھریلو اشیا سمیت دیگر مصنوعات پر زبردست رعایتی پیکج کا اعلان کیا تو ایسا لگا جیسے انٹرنیٹ پر کوئی زلزلہ آگیا ہو، لوگ آن لائن شاپنگ کی اس پیشکش پر ٹوٹ پڑے اور صرف پہلے 8 منٹ میں لوگوں نے ایک ارب ڈالر کی خریداری کر ڈالی جب کہ دن کے پہلے 14 گھنٹوں میں لوگ اب تک 10 ارب ڈالر کی شاپنگ کر کے نیا عالمی ریکارد قائم کر چکے ہیں۔

اس سے سے قبل علی بابا کے ذریعے ہی گزشتہ سال لوگوں نے اس دن کے موقع پر اتنے ہی وقت میں 9.3 ارب ڈالر کی خریداری کی تھی جو اس وقت بھی ایک ریکارڈ تھا۔ علی بابا کے مطابق آن لائن شاپنگ کرنے والے گاہکوں کی تعداد اس وقت 66 کروڑ 80 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جس کی وجہ سے آن لائن شاپنگ کا حجم تیزی سے بڑھا ہے۔

علی بابا نے اپنی سنگل ڈے مہم کا آغاز ایک انتہائی پرکشش تقریب میں کیا جس میں جیمز بانڈ کا ناقابل فراموش کردار ادا کرنے والے ہالی ووڈ اسٹار ڈینیل کریگ اور کیون اسپیسی نے خصوصی طور پر شرکت کی جب کہ تقریب کو براہ راست دکھایا گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی کوششیں رنگ لائیں اور لوگوں نے بھر پور شاپنگ کرکے گزشتہ سال کا ریکارڈ توڑدیا جبکہ امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر مسلسل 5 دن میں 6 ارب 56 کروڑ ڈالر کی آن لائن شاپنگ کی گئی تھی جو سنگل ڈے کے ایک دن سے بھی کم ہے۔

کمپنی کے مطابق وہ براہ راست مصنوعات فروخت نہیں کرتی بلکہ مڈل مین کا کردار ادا کرتی ہے جب کہ اتنی بڑی سیل کوہینڈل کرنے کے لیے اس کے پارٹنرزنے ایک کروڑ 70 لاکھ افراد، 4 لاکھ ڈلیوری ٹرک، 5 ہزار ویئر ہاوسز اور 2 ہزار طیاروں کا استعمال کیا لیکن اس کے باوجود کمپنیوں کو گاہکوں کی ڈیمانڈ پوری کرنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ سنگل ڈے کو چین کے اہم دن کے طورپر 11 نومبر کو منایا جاتا ہے یعنی 11.11 ان ڈیجٹ کی وجہ سے اسے یہ نام دیا گیا ہے جب کہ کچھ لوگ اسے اینٹی ویلٹائن ڈے بھی کہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں