کرکٹ آل اسٹارز سیریز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی سچن بلاسٹرز کو شکست

سچن بلاسٹرز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 57 رنز سے شکست، شاندار کارکردگی پر سنگاکارا مین آف دی میچ قرار


ویب ڈیسک November 12, 2015
سچن بلاسٹرز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 57 رنز سے شکست، شاندار کارکردگی پر سنگاکارا مین آف دی میچ قرار۔ فوٹو: گیٹی امیجز۔

امریکا میں ہونے والے کرکٹ آل اسٹارز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی وارن وارئیرز نے سچن بلاسٹرز کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

امریکی ریاست ہوسٹن کے منٹ میڈ پارک میں کھیلے گئے میچ میں سچن بلاسٹرز کے کپتان سچن ٹنڈولکر کو ٹاس جیت وارن وارئیرز کو بیٹنگ کی دعوت دینا مہنگا ثابت ہوا۔ وارن وارئیرز کی جانب سے مائیکل وان اور میتھیو ہیڈن نے اننگز کا آغاز کیا اور وکٹ کے چاروں طرف اسٹروک کھیلے۔ دونوں کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی۔ مائیکل وان 30 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو ہیڈن کا ساتھ دینے کے لئے جیکس کیلس وکٹ پر آئے لیکن ہیڈن بھی جلد ہی 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کمارا سنگاکارا اور جیکس کیلس نے سچن بلاسٹرز کے بولرز کی خوب درگت بنائی۔ جیکس کیلس 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن کمارا سنگاکارا نے دھواں دھار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور صرف 30 گیندوں پر 70 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رکی پونٹنگ نے بھی تیز 16 گیندوں پر برق رفتار 41 رنز بٹورے۔ اینڈریو سائمنڈ 19 جب کہ جونٹی رہوڈز 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور اس طرح وارن وارئیرز مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

سچن بلاسٹرز کی جانب سے شان پولاک کے علاوہ کوئی بھی بلے باز عمدہ پرفارمنس دکھانے میں کامیاب نہ رہا۔ شان پولاک نے 22 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان سچن ٹنڈولکر نے بھی 33 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ وریندر سہواگ، 16، ساروو گنگولی 12، برائن لارا 19، جے وردہنے 5، لانس کلوزنر 21 اور گریم سوان 22 رنز بنا سکے۔ سچن بلاسٹرز مقرررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور اس طرح وارن وارئیرز 57 رنز سے کامیاب ہوئی۔ کمارا سنگا کارا کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہتری کھلاڑی قرار دیا گیا۔

وارن وارئیرز نے پہلے میچ میں سچن بلاسٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دنیا بھر کے کرکٹ آل اسٹارز امریکا میں کرکٹ کے فروغ کے لئے ایک ساتھ جمع ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں