عمر اکمل ڈانس پارٹی میں شرکت پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے باہر

میں بے قصور ہوں کوئی غلط کام نہیں کیا اگر کسی کے پاس میرے خلاف ثبوت ہیں تو سامنے لائے، عمر اکمل


ویب ڈیسک November 12, 2015
حیدرآباد پولیس نے عمراکمل کو غیراخلاقی محفل کے دوران کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا تھا۔ فوٹو:فائل

قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز عمر اکمل کو نائٹ پارٹی میں شرکت کے باعث انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر کردیا گیا تاہم ان کا کہنا ہے کہ میں بے قصور ہوں کوئی غلط کام نہیں کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ عمر اکمل غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں اور انہوں نے کرکٹ بورڈ اور ملک کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا جس کے باعث انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزسے ڈراپ کردیا گیا ہے جب کہ اس حوالے سے انہیں شو کاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدرآباد پولیس نے چند روز قبل سائٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان پر چھاپہ مارا اور عمر اکمل سمیت 3 کھلاڑیوں کو حراست میں لے لیا تھا جہاں رقص کی تقریب ہورہی تھی، پولیس نے عمراکمل سمیت کھلاڑیوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جو روایتی طور پر کسی ملزم کے ساتھ کیا جاتا ہے اور 2 گھنٹے تک انہیں تھانے میں بٹھائے رکھا تاہم لاہور کی اہم شخصیت اور کراچی پولیس کی درخواست پربعدازاں انہیں چھوڑدیا گیا۔

دوسری جانب عمر اکمل کا کہنا ہے کہ میں بے قصور ہوں میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، والدہ فون پر رو رہی تھی اور افسوس ہوا کہ مجھے بدنام کیا جارہا ہے اگر کسی کے پاس میرے خلاف ثبوت ہیں تو سامنے لائے جب کہ ٹیم میں شامل کرنا الگ بات ہے مجھے بدنام تو نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم ٹیم سے ڈراپ کیوں کیا گیا، ٹیم مینجمنٹ کو بتا کر ہی کسی کے گھر کھانے پر گئے تھے جب کہ کچھ کھلاڑی میرے ساتھ تھے نام نہیں لوں گا۔

عمر اکمل نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے جان تک قربان کردوں گا جب کہ شوکاز نوٹس کا جواب ضرور دوں گا اور اس معاملے پر چیرمین پی سی بی سے بھی بات کروں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔