پاکستان میں بھی ذیابیطس کامرض تیزی سے پھیل رہا ہے

مناسب اور عملی اقدام نہ کیے گئے تومریضوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے،ماہرین طب

ذیابیطس کا عالمی دن کل منایا جائے گا، مختلف تقریبات کا بھی انعقاد کیا جائیگا ۔ فوٹو : فائل

ماہرین صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھی ذیابیطس کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اس وقت 71 لاکھ افراد اس بیماری کا شکار ہیں، اگر قومی سطح پر اس کی روک تھام کے لیے مناسب اور عملی اقدام نہ اٹھائے گئے تومریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے اور یہ ایک کروڑ سے تجاوز کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار جمعرات کو کراچی پریس کلب میںماہرین ذیابیطس پرو فیسر زمان شیخ اور پروفیسر طاہر حسین سمیت دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پرموت کی چوتھی بڑی وجہ ذیابیطس ہے،ذیابیطس کا عالمی دن 14نومبر کل ( ہفتہ ) کو منایا جائے گا۔


اس حوالے سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،انھوں نے کہا کہ ذیابیطیس کی وجہ سے دل خون کی نالیوں ،گردوں ،آنکھوں اعصاب اور دیگر اعضا کو متاثر کرسکتی ہے،ذیابیطیس سے متاثرہ انگلی یا پاؤں کو کاٹنا ایک تکلیف دہ پیچیدگی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ذیابیطیس سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ روز مرہ زندگی میں متوازن غذا کا استعمال کریں اور ورزش کو اپنا معمول بنائیں، تلی ہوئی چیزوں اور چکنائی سے پرہیز کیا جائے سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کیا جائے۔
Load Next Story