’دوسرا‘ کے موجد ثقلین کا جادو برسوں بعد بھی برقرار

آل اسٹارزسیریزکے دوسرے میچ میں ٹنڈولکراورجے وردنے کا شکار ، وارن کی ٹیم کامیاب


Sports Desk November 13, 2015
ان کی گیند ٹنڈولکر کے جسم سے ٹکراتی ہوئی وکٹوں میں جالگی:فوٹو:فائل

'دوسرا' کے موجد ثقلین مشتاق کا جادو برسوں بعد بھی برقرار ہے، آل اسٹارز سیریز کے دوسرے مقابلے میں انھوں نے سچن ٹنڈولکرکی وکٹ اڑا دی، مہیلا جے وردنے بھی اسپن بولنگ کی تاب نہیں لاسکے، وارن واریئرز نے 57 رنز سے میچ جیت کر سیریز میں بھی 2-0 کی حتمی برتری حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں جاری آل اسٹارز سیریز کے دوسرے مقابلے میں سچن بلاسٹرز 263 رنزکے تعاقب میں 8 وکٹ پر 205 رنز بنا سکے۔ 'دوسرا' کے موجد ثقلین مشتاق نے اپنی اسپن بولنگ کا بھرپور جادو جگایا، انھوں نے حریف سائیڈ کے کپتان اور سابق بیٹنگ ماسٹر سچن ٹنڈولکر کی قیمتی وکٹ اڑا کر چیختے چلاتے کراؤڈ کو بھی دم بخود کردیا، ان کی گیند ٹنڈولکر کے جسم سے ٹکراتی ہوئی وکٹوں میں جالگی، جس پر وہ 33 رنز پر پویلین رخصت ہوگئے تاہم اس سے قبل لٹل ماسٹر2 چھکے جڑ کر تماشائیوں کو کچھ لطف اندوز کرچکے تھے۔

گریم سوان نے ناٹ آؤٹ 55 رنز بنائے، شعیب اختر بغیر کھاتہ کھولے سائمنڈز کی وکٹ بنے، جنھوں نے برائن لارا (19) کو بھی آؤٹ کیا۔ مجموعی طور پر سائمنڈز نے 4 وکٹیں لیں، ثقلین نے 2پلیئرز کو ٹھکانے لگایا،وسیم اکرم 4 اوورز میں 48 رنز کی پٹائی برداشت کرنے کے باوجود وکٹ سے محروم رہے۔

اس سے پہلے وارن واریئرز نے 5 وکٹ پر 262 رنز بنائے، کمارسنگاکارا نے سب سے زیادہ 70 رنزصرف 30 بالز پر اسکور کیے، ان کی برق رفتار اننگز 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں سے مزین تھی، جیک کیلس 45 اور رکی پونٹنگ 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لانس کلوسنر نے 2 وکٹیں لیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شعیب نے بھی وسیم اکرم کی طرح 48 رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ نہیں لی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں