قومی ایکشن پلان فاسٹ ٹریک پالیسی تشکیل دینے کا فیصلہ

حالیہ تشویش کو دورکر نے کیلیے وزیراعظم جلد عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے


عامر خان November 13, 2015
حالیہ تشویش کو دورکر نے کیلیے وزیراعظم جلد عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے فوٹو فائل

وزیراعظم نواز شریف نے قومی ایکشن پلان کے نکات پرست روی اوردیگر ایشوز پر عسکری قیادت کی حالیہ تشویش کو دورکر نے کیلیے براہ راست اقدام کا فیصلہ کیاہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم جلد عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں آگاہ کیا جائے گا کہ حکومت عسکری قیادت کی مشاورت سے قومی ایکشن پلان مکمل عمل درآمد کے لیے مزید مربوط اقدام کرے گی۔ وفاقی حکومت دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کے نکات پرموثر عمل درآمد کے لیے صوبائی حکومتوں اور سیکیورٹی اداروںٕ کے تعاون سے فاسٹ ٹریک پالیسی تشکیل دے گی اور اگر اس پلان پر عمل درآمد میںکوئی قانونی وانتظامی روکاوٹیں حائل ہورہی ہیں توحکومت ان رکاوٹوں کودورکرنے کے لیے پارلیمانی جماعتوں اور ماہرین قانون کی مشاورت سے مزید قانون سازی پارلیمنٹ سے کرائے گی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم فاٹا میں اصلاحات کے لیے قائم کمیٹی کے اغراض ومقاصد سمیت نقل مکانی کرنے والے افراد کی دوبارہ آباد کاری کے حوالے سے حکومتی اقدام پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ ترین حکومتی سطح کی جانے والی مشاورت میں عسکری قیادت کے حالیہ بیان کا جائزہ لیا گیا ہے اوراس بات پر اتفاق کیا گیاکہ وفاق اور عسکری قیادت میں تمام ایشوز پر اتفاق رائے ہونا ضروری ہے۔ ذرائع کہنا ہے کہ حکومت قومی ایکشن پلان اور سیکیورٹی امور پر پارلیمانی جماعتوں یا پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلوانے بھی مشاورت کررہی ہے تاہم اس سے قبل قومی ایکشن پلان کا جائزہ اجلاس طلب کیا جاسکتا ہے ۔اہم ذرائع کا کہناہے کہ موجودہ صورتحال میںفی الحال ملک میں کسی سیاسی ہلچل کے آثار نہیں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں