بے بی بلاول نانا اور والدہ کی تصویریں لگا کرکوئی لیڈرنہیں بنتا عمران خان

لکھی تقریرپڑھنےسے کوئی لیڈرنہیں بنتا،میرے پاس آؤتمھیں سکھاؤں گا کہ پہلا اوردوسرا قدم کس طرح رکھنا ہے،چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک November 13, 2015
لکھی ہوئی تقریر پڑھنے سے کوئی لیڈرنہیں بنتا، میرے پاس آؤ تمھیں سکھاؤں گا کہ پہلا اور دوسرا قدم کسطرح رکھنا ہے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بے بی بلاول اپنے نانا اور والدہ کی تصویریں لگا کر کوئی لیڈر نہیں بن جاتا، بلاول بیٹا میرے پاس آؤ میں تمھیں بتاؤں گا کہ لیڈر کیسے بنتے ہیں۔

https://img.express.pk/media/images/q60/q60.webp

بدین کی تحصیل ماتلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ سیاست کے لئے شہیدوں کے نام استعمال کرتے ہیں لیکن انہیں پتہ نہیں کہ نیا پاکستان بننے جارہا ہے جس میں نانا اور والدہ کی تصویریں لگا کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا اور کوئی یہ تصویریں لگا کر لیڈر نہیں بن جاتا،دنیا کی تاریخ میں جب بھی نظریہ مفادات کے ساتھ ٹکرایا ہمیشہ نظریہ ہی جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پیپلزپارٹی کے لیڈر ہیں تو لندن میں بیٹھ کر کیا کررہے ہیں، آصف زرداری کا نواز شریف کے ساتھ مک مکا ہے اور (ن) لیگ پیپلزپارٹٰ کے ساتھ ہے جب کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم اندر سے اکٹھے ہیں اور قوم کو ہمیشہ سندھی، پنجابی اور اردو بولنے والوں کے نام پرتقسیم کیا گیا، امیر طبقہ عوام کو لوٹ رہا ہے، ظالم اکھٹے ہیں اور مظلوم طبقے کو تقسیم کیا ہوا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q119/q119.webp

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے انتخاب کے لئے ساری جماعتیں ایک طرف اور تحریک انصاف ایک طرف تھی جس طرح کرنل قذافی اور حسنی مبارک جیسے لوگ اپنے انجام کو پہنچے اس طرح ایک دن پاکستانی قوم بھی ظالموں کا احتساب کرے گی اور تحریک انصاف عوام کے ساتھ مل کر ان ظالموں کا مقابلہ کرے گی اورآخری دم تک ظالم کا مقابلہ کرتا رہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں اندرون سندھ کے عوام سب سے زیادہ پسماندگی کی زندگی گزار رہے ہیں، سندھ کی یہ حالت ہے کہ کیا یہاں کوئی بڑا سیاستدان اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں پڑھائے گا یا سرکاری اسپتالوں میں اپنے بچوں کا علاج کرائے گا، سندھ میں بارش ہوتی ہے تو عوام تباہ ہوتے ہیں اور اگر بارش نہ ہوتو بارش نہ ہونے کی وجہ سے بھی عوام کو تباہی کا سامنا رہتا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q214/q214.webp

اس سے قبل عمرکوٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بلاول جمہوریت میں تقریرنہیں کرسکتے اور لکھ کر تقریر کرنے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا یہ بادشاہت ہے اس لئے وہ تقریرکررہے ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بیٹے تقریربعد میں کرنا پہلے اپنی تعلیم تو بتاؤ، لکھی ہوئی تقریر پڑھنے سے کوئی لیڈر نہیں بنتا، میرے پاس آؤ میں تمھیں بتاؤں گا کہ لیڈر کیسے بنتے ہیں، تمھیں سکھاؤں گا کہ پہلا اور دوسرا قدم کس طرح رکھنا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q312/q312.webp

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہرشخص کے اندر خوف ہوتا ہے، میرے اندر بھی خوف تھا لیکن میں نے اسے ختم کیا اور زندگی میں بہت اونچ نیچ دیکھی جب کہ 2 بار گرچکا ہوں اس لئے اب گرنے کا خوف نہیں اور کئی بار گر کر اٹھا ہوں، اب ہار بھی مجھے نہیں ہرا سکتی،عمران کے پاس اربوں ڈالرنہیں صرف ایک بڑا خواب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ غلامی کررہے ہیں انھیں کوئی حقوق حاصل نہیں، کرسی چھن جانے کے ڈر سے ظالم صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے، یہ کرسی نہیں چھوڑسکتے کیونکہ کرسی میں پیسا اور طاقت ہے اور کر سی کی وجہ سے ہی یہ ظلم کرتے ہیں، کرسی کی وجہ سے کمزور لوگوں کو انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے غلام رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان ان دنوں بلدیاتی انتخابات کی مہم کے سلسلے میں دو روز کے لئے سندھ کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز بھی انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ آخری سانس تک مافیا کے خلاف لڑتا رہوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں