اعصام نئے سیزن کا شاندار آغاز کرنے کیلیے پُرامید

گذشتہ برس بہتر پرفارم نہیں کرسکا، ورلڈ ٹورفائنلز سے باہر ہونا افسوسناک ہے،ٹینس اسٹار

نظریں آئندہ سیزن برطانوی پارٹنر جوناتھن مرے کے ساتھ ٹائٹلزکے حصول پر مرکوز ہیں فوٹو: فائل

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق آسٹریلین اوپن کے ذریعے نئے سیزن کا شاندار آغاز کرنے کیلیے پُرامید ہیں،ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس صلاحیتوں کے مطابق پرفارم نہیں کرسکا،ورلڈ ٹورفائنلز کھیلنے سے محرومی کا انتہائی افسوس ہے۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نئے سیزن میں ڈبلز پارٹنر برطانوی جوناتھن مرے ہوں گے، ان کے ساتھ مل کر آسٹریلین اوپن سمیت سال کے تمام بڑے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔ یاد رہے کہ اعصام الحق قریشی کی گذشتہ سیزن میں کارکردگی بھی واجبی رہی تھی جس کی وجہ سے وہ ڈبلز رینکنگ میں 37 ویں نمبر پر پہنچ گئے،گذشتہ 5 برس میں یہ پہلا موقع ہے کہ وہ ورلڈ ٹورفائنلز کھیلنے کا حق نہیں حاصل کر پائے۔


اعصام الحق نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے لیکن ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا، اب میری نظریں آئندہ سیزن میں برطانوی پارٹنر جوناتھن مرے کے ساتھ مل کر مزید ٹائٹلز کے حصول پر مرکوز ہیں۔ اعصام الحق نے سال 2015 میں 10 پارٹنر تبدیل کیے، آخری ایونٹ میں وہ برطانوی جوناتھن مرے کے ساتھ شریک ہوئے اور ایک ٹورنامنٹ میں کامیابی بھی حاصل کی۔

اعصام کہتے ہیں کہ مرے کے ساتھ تال میل کافی بہتر ہوچکی ہے، ان کے ساتھ سنگاپور میں ٹریننگ بھی کروں گا کیونکہ دسمبر میں پاکستان کا موسم بہت سرد ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فٹنس مسائل سے بھی کافی حد تک چھٹکارا پالیا اور ساتھ ہی کسی بھی ٹورنامنٹ کے دفاع کا خوف بھی سوار نہیں ہے، اس لیے آئندہ سیزن کا بے فکری کے ساتھ آغاز کروں گا۔
Load Next Story