بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے ملک میں سیریز کی پیش کش کی ہے شہریار خان

بی سی سی آئی پر واضح کردیا کہ اس وقت پاکستانی ٹیم کا بھارت جانا سمجھ سے بالاتر ہے، چیرمین پی سی بی

بی سی سی آئی پر واضح کردیا کہ اس وقت پاکستانی ٹیم کا بھارت جانا سمجھ سے بالاتر ہے، چیرمین پی سی بی، فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر نے فون کر کے پاکستان کے ساتھ بھارت میں سیریز کے لئے کھیلنے کا کہا لیکن ان پر واضح کردیا کہ اس وقت پاکستانی ٹیم کا بھارت جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کے نئے صدر ششانک منوہر نے گزشتہ روز ٹیلی فون کر کے کہا کہ ہم چاہ رہے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز ہو جائے اور اس حوالے سے مودی حکومت نے بھی اجازت دے دی ہے۔ ششانک منوہر نے ٹیلی فون پر مزید کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز بھارت میں ہو اور اس کے لئے پاکستانی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، تمام میچز بھی ایسے مقامات پر ہوں گے جو پاکستان کے لئے محفوظ ہوں۔ اس کے علاوہ ہوم سیریز نہ ہونے سے پاکستان کو ہونے والے نقصان کا مداوا بھی کیا جائے گا۔


چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میں نے ششانک منوہر کو جواب میں کہا کہ ہم تو معاہدے کے مطابق بھارتی ٹیم کا یو اے ای میں آنے کا انتظار کر رہے ہیں، اس سیریز کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط بھی ہو چکے ہیں اور ہم براڈ کاسٹنگ ایجنسیز کے ساتھ معاہدہ بھی کر چکے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ آپ ہمارا کتنا نقصان پورا کریں گے لیکن اگر یہ سیریز نہ ہوئی تو ہمارا اس میں 50 ملین ڈالر کا نقصان ہوگا۔ شہریار خان نے کہا کہ ششانک منوہر کہہ رہے تھے کہ پاکستان کی ٹیم بھارت آئے تو اس پر میں نے کہا کہ آپ ہماری ٹیم کے پاکستان آنے کی بات کر رہے ہیں، ہم کس طرح بھارت میں جا کر کھیلیں جب کہ وہاں پر نہ تو پاکستانی فنکار محفوظ ہیں اور نہی ہی سیاستدان، جو کچھ خورشید قصوری کے ساتھ ہوا وہ پوری دنیا کے سامنے ہے۔

ایک صحافی کے سوال پوچھنے پر شہریار خان کا کہنا تھا کہ دو مرتبہ بھارت میں سیریز کھیل چکے ہیں اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر اب کہہ رہے ہیں کہ ہم تیسری بار بھی کھیلنے کیلئے آئیں، اگر یہ بھارت کی کوئی ڈپلومیٹک چال ہے تو ہمارے پاس بھی اس کا ٹھوس جواب موجود ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان اگلے 8 سال کے درمیان 6 سیریز شیڈول ہیں اور ان میں سے 4 کی میزبانی پاکستان کو کرنی ہے۔
Load Next Story