لیدرمصنوعات تیاروبرآمدکرنیوالوں کے لیے جامع مراعاتی پیکیج متوقع

تجاویز وزیراعظم کی ہدایت پر برآمدات کے فروغ کیلیے ہونیوالے بین الوزارتی اجلاس میں دی گئیں


Irshad Ansari November 15, 2015
حکومت کی جانب سے لیدر مصنوعات کے مینوفیکچررز کو برآمدات پر مذکورہ ری ایمبرسمنٹ کی سہولت دینے پر اٹھارہ کروڑ روپے لاگت آئے گی فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کی جانب سے لیدر گارمنٹس سمیت چمڑے کی دیگر مصنوعات کے مینوفیکچررز و برآمد کنندگان کے لیے جامع مراعاتی پیکج دیے جانے کا امکان ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویزکے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر برآمدات کے فروغ کے لیے ہونے والے بین الوزارتی اجلاس میں لیدر سیکٹر کے لیے مرتب کی جانے والی سفارشات میں لیدر سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے مختلف مراعات دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

جبکہ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ بین الوزارتی اجلاس میں پاکستان لیدر گارمنٹس مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے تجویز دی گئی ہے کہ لیدر گارمنٹس و چمڑے کی دیگر مصنوعات کی برآمد پر مصنوعات کے معیارکی چیکنگ کے لیے ہونے والے مختلف نوعیت کے ٹیسٹوں پرآنے والے اخراجات کا 75 فیصد ریفنڈ کی صورت میں برآمدکنندگان کو واپس کیا جائے اور برآمد کنندگان کو یہ سہولت 2016-17 تک فراہم کی جائے۔

جبکہ گزشتہ مالی سال 2014-15 کے دوران اس مد میں آنے والے اخراجات کے کلیم وصول کرکے برآمد کنندگان کو واجبات کی ادائیگی کی جائے جبکہ رواں مالی سال کے لیے ری ایمبرسمنٹ کی سہولت دی جائے جسے آئندہ مالی سال تک جاری رکھا جائے۔

دستاویز کے مطابق پاکستان لیدر گارمنٹس مینوفیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کی لیدر گارمنٹس سمیت چمڑے کی دیگر مصنوعات کی برآمد کے لیے غیر ملکی خریدار مصنوعات کے معیاری ہونے کے لیے مختلف اقسام کے ٹیسٹ پر مبنی سرٹیفکیٹس مانگتے ہیں اور یہ ٹیسٹ اچھے خاصے مہنگے ہیں ان ٹیسٹوں پر اٹھنے والے اخراجات کے باعث پاکستانی لیدر مصنوعات بیرونی مارکیٹ میں مقابلہ نہیں کرپاتی ہیں۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل سال 2005 میں لیدر گارمنٹس و دیگر مصنوعات کے مینوفیکچررز کو برآمدی اشیا پر ٹیسٹوں پر ہونے والے اخراجات کا پچھتہر فیصد ریفنڈ کیا جاتا رہا ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ لیدر مصنوعات برآمد کرنے والے زیادہ تر اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ہیں اور ان کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ اخراجات کا اتنا بوجھ برداشت کرسکیں۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے لیدر مصنوعات کے مینوفیکچررز کو برآمدات پر مذکورہ ری ایمبرسمنٹ کی سہولت دینے پر اٹھارہ کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اس سہولت کے تحت برآمد کنندگان کو ان کی سالانہ برآمدات کے ایک فیصد تک لیب ٹیسٹوں کے اخراجات کی ری ایمبرسمنٹ کی مد میں ادائیگی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں