جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز

علی مبشر، بلال قادر اور رانا ریاض نے ایک،ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی


Sports Reporter November 15, 2015
علی مبشر، بلال قادر اور رانا ریاض نے ایک،ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 3-1 سے قابوکرلیا۔

اطلاعات کے مطابق آٹھویں جونیئرایشیاکپ ہاکی ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغازملائیشیا میں ہوگیا، کوآنٹن میں ابتدائی روز4 میچز کا فیصلہ ہوا۔ پاکستان سمیت میزبان ملائیشیا، کوریا اور بھارت نے فتوحات حاصل کیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے کھیل سست روی کا شکار رہا، ابتدائی 25 منٹ میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، بعد ازاں پاکستانی ہیڈ کوچ طاہر زمان نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے کھلاڑیوں کوجارحانہ انداز اپنانے کی ہدایت دی۔

یہ پلاننگ کارگر ثابت ہوئی اور علی مبشر نے29ویں منٹ میں حریف دفاعی لائن میں شگاف ڈالتے ہوئے گیندکوجال کی راہ دکھادی، پاکستانی ٹیم ابھی اس برتری پر خوشی سے سرشار ہی تھی کہ صرف3 منٹ بعد بنگلہ دیش ٹیم کے شبیر حسین نے جوابی گول بناکر مقابلہ برابرکردیا، پہلے ہاف کے آخری3 منٹ میں دونوں ٹیمیں مزید گول نہ کر سکیں۔گرین شرٹس نے وقفے کے بعد انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا اور مزید2 گول کر کے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا۔39ویں منٹ میں پلیئرز نے دلکش موو بنائی اور گیند کوحریف ٹیم کے ڈینجر زون میں لے گئے۔

اس موقع پر محمد بلال قادر نے ساتھی کھلاڑی کے پاس پر کوئی غلطی کیے بغیرگیند کو جال کے سپرد کرکے اسکور2-1 کردیا، بنگلہ دیش نے مقابلہ برابرکرنے کی بھرپورکوشش کی لیکن پاکستانی دفاعی لائن حریف فارورڈز کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی رہی، رانا ریاض نے کھیل کے 70ویں منٹ میں گرین شرٹس کی برتری کو مستحکم کردیا۔ دوسرے میچ میں کوریا نے اومان کو 2کے مقابلے میں5گول سے مات دے دی، پہلے ہاف تک اسکور 2-0 رہا، فاتح ٹیم کی جانب سے سک یوسیونگ اور کم سیونگلے نے 2،2 جبکہ سیوہوینگ نے ایک گول کیا،اومان کا خسارہ الواطی محمد اورالنوفالی سلمان نے کم کیا، تیسرے میچ میں دفاعی چیمپئن ملائیشیا نے چین کو 4-0 سے آئوٹ کلاس کردیا۔

پہلے ہاف میں میزبان ٹیم کو2-0 کی برتری حاصل رہی، جازلان نجمی نے 2 بارحریف گول کیپر کو چکمہ دیا جبکہ صباح شہرل اورسیمسول محمد حاذق نے ایک، ایک گول کیا۔دن کا آخری میچ بھارت اور جاپان کے درمیان ہوا جس میں بلوشرٹس نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد2-1سے کامیابی پائی، پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ 1-1گول سے برابر تھا۔

بھارت کی طرف سے دونوں گول ہرمیت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر کیے جبکہ جاپان کا واحد گول ہیروماسا کے نام رہا، اتوار کو ایونٹ میں مزید 4 میچز شیڈول ہیں، پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم مضبوط حریف کوریا کے خلاف میدان میں اترے گی، اومان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا، چین کی ٹیم جاپان کے خلاف بقا کی جنگ لڑے گی، ملائیشیا کو بھارتی چیلنج کا سامنا رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔