مصباح کے دل میں بھارت سے مقابلے کی خواہش موجود

کھیل کو خیرباد کہنے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، پاکستانی ٹیسٹ کپتان


Sports Reporter November 15, 2015
کھیل کو خیرباد کہنے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، پاکستانی ٹیسٹ کپتان فوٹو : فائل

مصباح الحق کے دل میں بھارت سے مقابلے کی خواہش مچلنے لگی،ٹیسٹ کپتان ریٹائرمنٹ سے قبل روایتی حریف سے سیریزکے خواہاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے پاکستانی ٹیم کی قیادت 2010 میں سنبھالی، رواں برس ورلڈکپ کے بعد انھوں نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا،انگلینڈ کیخلاف یواے ای میں سیریز سے قبل ٹیسٹ کرکٹ بھی چھوڑنے کا عندیہ دیا لیکن چیئرمین پی سی بی شہریار خان تجربہ کار بیٹسمین کو آئندہ سال جولائی میں شروع ہونے والے دورئہ انگلینڈ تک بطور کپتان برقرار دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں،مصباح نے ابھی سوچنے کیلیے وقت لیا ہے۔

ہفتے کو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہر کسی کی طرح میں بھی پاک بھارت سیریز دیکھنا اور کھیلنا چاہتے ہوں، میری خواہش ہے کہ ریٹائر ہونے سے قبل روایتی حریف کے خلاف ایکشن میں نظر آئوں، جہاں تک کھیل کو خیرباد کہنے کا تعلق ہے تو ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

جب کیا تو پی سی بی کو اس حوالے سے آگاہ کردوں گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر میں نے دورئہ انگلینڈ تک ایکشن میں رہنے کا فیصلہ کیا تو وہاں مکمل طور پر تیار ہوکر جائوں گا، میری خواہش ہوگی کہ ٹیم بھی میزبان ملک کی کنڈیشنز کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلیے بھرپور تیاری کے ساتھ جائے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کہیں بھی جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مصباح الحق نے کہاکہ یو اے ای میں جاری سیریز میں انگلینڈ کی واپسی پر حیران نہیں،ان کی ون ڈے ٹیم بہت اچھی اور ہر قسم کی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے،مجھے امید ہے کہ پاکستان تیسرے میچ میں بھرپور جوابی حملے سے سیریز میں برتری حاصل کرے گا، ہمارے نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں پر پورا اترنے کیلیے انھیں زیادہ پختہ سوچ اپنانے کی ضرورت ہے، اسی کے ساتھ فٹنس کا معیار بہتر ہونا خوش آئند ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔