کرکٹ آل اسٹارز سیریز وارن وارئیرز کے ہاتھوں سچن بلاسٹرز کو کلین سوئپ

جیکس کیلس کو 47 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا


ویب ڈیسک November 15, 2015
وارن وارئیرز نے تیسرے اور آخری مقابلے میں سچن بلاسٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔ فوٹو: فائل

کرکٹ آل اسٹارز کے تیسرے اور آخری میچ میں وارن وارئیرز نے سچن بلاسٹرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دے کر سیزیز میں کلین سوئپ کردیا۔

لاس اینجلس کے ڈوگر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سچن بلاسٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سچن بلاسٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز ایک مرتبہ پھر وریندر سہواگ اور ٹنڈولکر نے کیا۔ 55 کے مجموعی اسکور پر سہواگ 27 رنز بنا کر کارٹنی والش کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ کے لئے ٹنڈولکر اور جے وردہنے کے درمیان 74 رنز کی شراکت ہوئی تو ٹنڈولکر 27 گیندوں پر دھواں دھار 56 رنز بنا کر ڈینئل ویٹوری کی گیند پر کمارا سنگا کارا کے ہاتھوں اسٹمپ ہو گئے۔ جے وردہنے نے بھی 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جب کہ ساروو گنگولی نے 50 اور کارل ہوپر نے 33 رنز کی اننگز کھیل کر مقررہ اوور میں ٹیم کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز پہنچا دیا۔

220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں وارن وارئیرز کے مائیکل وان کارلٹی امبروس کی پہلی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ وارن وارئیر کو دوسرا نقصان 50 کے مجموعی اسکور پر اینڈریو سائمنڈ کی صورت میں ہوا جو 31 رنز بنا کو آؤٹ ہوئے جب کہ صرف 2 رنز کے اضافے سے میتھیو ہیڈن بھی 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جونٹی رہورڈز بھی 110 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے لیکن اس کے بعد کمارا سنگا کارا، رکی پونٹنگ اور جیکس کیلس نے ایک بار پھرعمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے بالترتیب 42، 43 اور 47 رنز کی اننگز کھیلیں جب کہ شین وارن نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر چھکا لکا کر اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔ جیکس کیلس کو بہترین بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ تین میچوں پر مشتمل آل اسٹارز کرکٹ سیریز کے پہلے دو میچز میں بھی وارن وارئیرز نے سچن بلاسٹرز کو شکست دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔