پاک بھارت تعلقات میں بہتری سعودی فرمانروا کی وزیراعظم پرویز اشرف کی ملاقات

سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے معاملے پر سیاست کی جا رہی ہے،پرویز اشرف کا پاکستانیوں سے خطاب

جدہ:سعودی فرمانرواشاہ عبداللہ سے وزیراعظم راجا پرویز اشرف ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو/ایکسپریس

وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے پیرکو یہاں خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے ساتھ ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت علاقے کی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کی معاونت وزیر مذہبی امور خورشید شاہ' سفیر محمد نعیم خان اور دیگر حکام نے کی جبکہ سعودی فرمانرواکی معاونت ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز ' سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل' سعودی سفیر ابراہیم عبدالعزیز الغدیر اور دیگر نے کی۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے شاہ عبداللہ کو خطہ میں امن ' خوشحالی اور استحکام کے لئے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے صدر زرداری کی جانب سے شاہ عبداللہ کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ سعودی شاہ نے وزیراعظم سے پاک بھارت تعلقات کے بارے میں استفسار کیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کے تسلسل سے ان تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔ پاک بھارت تعلقات میں بہتری کو سراہتے ہوئے شاہ عبداللہ نے کہا کہ اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔


ملاقات کے دوران افغان صورتحال بھی زیرغور آئی۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ کو بتایا کہ وہ افغانستان کا دورہ کریں گے اور افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ ملاقات کریں گے تاکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں مزید بہتری لائی جائے اور خطہ میں امن' استحکام اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ کو دہشتگردی کے خلاف جنگ' فاٹا کی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور پاکستان میں توانائی کے مسئلے کے حل کے لئے شاہ عبداللہ سے امداد طلب کی۔

شاہ عبداللہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ سعودی عرب پاکستان میں توانائی کے بحران کے حل کے لئے مکمل تعاون اور مدد فراہم کرے گا اور اس سلسلے میں متعلقہ وزیر جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوری عمل کے ذریعے اقتدار میں آنے پر یقین رکھتی ہے، بجلی کے بحران پر قابو پانا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، سمندر پار پاکستانی برادری توانائی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے مختلف منصوبہ جات خاص طور پر شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے، پاک سعودی برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستانی برادری اور پی پی پی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حتمی فیصلہ عوام کرتے ہیں جنہیں جمہوری نظام میں اپنے رہنما اور نمائندے منتخب کرنے کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے پروگرام پیش کریں اور عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے لیکن اس معاملے پر بھی سیاست کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں۔
Load Next Story