کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پی ایچ ایف عہدیدار میدان میں آگئے

شہباز سینئر نے ملائیشیا میں پلیئرز کو لیکچر دیا، فیڈریشن چیف کا ہمت افزائی کیلیے ٹیلی فون

شہباز سینئر نے ملائیشیا میں پلیئرز کو لیکچر دیا، فیڈریشن چیف کا ہمت افزائی کیلیے ٹیلی فون۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
جونیئرایشیاکپ میں شریک کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پی ایچ ایف عہدیدار میدان میں آگئے۔

صدر فیڈریشن نے فون جب کہ سیکریٹری شہباز سینئر نے کھلاڑیوں کو براہ راست لیکچردیا۔ یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد سینئر ان دنوں ملائیشیا ہی میں موجود ہیں، ذرائع کے مطابق 1994 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان نے کوآنٹن میں موجود قومی جونیئر ٹیم سے 13 نومبر کو ملاقات کی اور ایشیائی ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کے حصول کے لیے پلیئرز کی بھرپور حوصلہ کی۔


ذرائع کے مطابق شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ یہ صرف ہاکی کا کھیل ہی تھا جس کے ذریعے انھوں نے گمنامی کے اندھیروں سے نکل کر عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔ حکومتی محکمے میں اعلی عہدہ حاصل کیا، ان کے ہاکی کارناموں کو آج بھی دنیا یاد کرتی ہے۔

کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ 20 کروڑ کی آبادی میں وہ 18 کھلاڑی ہیں جو عالمی سطح پر ملکی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں، آپ اگر مزید محنت کریں تو نہ صرف اپنے عمدہ کھیل سے مستقل بنیادوں پر قومی سینئر ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں بلکہ اپنا اور اپنے والدین کی شہرت کو چار چاند بھی لگا سکتے ہیں۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ اسی شام صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر نے فون پر ملائیشیا میں موجود کھلاڑیوں سے خطاب کیا اور ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کیلیے دل کھول کر حوصلہ افزائی کی۔
Load Next Story