سعید اجمل کی اکیڈمی کا تنازع حل نہیں ہوسکا

رکاوٹیں پیدا کیے جانے کی وجہ سمجھ سے باہر ہے، نمائشی میچ اور ایم او یو پر دستخط نہیں ہوسکے


Sports Reporter November 16, 2015
رکاوٹیں پیدا کیے جانے کی وجہ سمجھ سے باہر ہے، نمائشی میچ اور ایم او یو پر دستخط نہیں ہوسکے۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: زرعی یونیورسٹی انتظامیہ اور سعید اجمل کے درمیان دوبارہ تنازع ہوگیا، اکیڈمی گراؤنڈ میں پانی چھوڑے جانے کے بعد نمائشی میچ کا انعقاد نہیں ہوا اور نہ ہی ایم او یو پر دستخط ہوسکے، آف اسپنر کا کہنا ہے کہ رکاوٹیں پیدا کیے جانے کی وجہ سمجھ نہیں آتی۔

فیصل آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کرکٹ اکیڈمی کے معاملے پر زرعی یونیورسٹی انتظامیہ اور ٹیسٹ کرکٹرسعید اجمل کے درمیان دوبارہ تنازع ہوگیا ہے، اتوار کو زرعی یونیورسٹی انتظامیہ اور سعید اجمل الیون کے درمیان نمائشی میچ اکیڈمی کے گراؤنڈ میں ہی کھیلا جانا تھا، اسی موقع پر ایم او یو بھی دستخط ہونا تھے لیکن رات زرعی یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈ میں پانی چھوڑ دیا گیا، آف اسپنر کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجانے کی امید تھی، انھوں نے مسائل کے حل کیلیے ایک 7رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی تھی جس نے اپنا کام ایک ہفتے میں مکمل کرنا تھا، گذشتہ چند دنوں میں اچھی پیشرفت بھی ہورہی تھی۔

اتوار کو نمائشی میچ بھی اس لیے رکھا گیا تھا کہ کھلاڑی اکیڈمی کی واپسی کی خوشیاں کھیل کر منائیں اور ساتھ ہی ایم او یو پر دستخط بھی ہوجائیں لیکن رات کویونیورسٹی انتظامیہ نے گراؤنڈ میں پانی چھوڑ دیا، گیلے میدان پر کھیلنے سے کھلاڑی زخمی ہوسکتے ہیں اس لیے میچ ملتوی کردیا گیا ہے، لگتا ہے کہ وائس چانسلرمعاہدے پررضا مند نہیں، سمجھ نہیں آتی کہ یونیورسٹی نے پہلے اکیڈمی بنانے کی اجازت کیوں دی، اب کس وجہ سے انکارکیا جارہا ہے،اس میں کیا رکاوٹیں ہیں، میچ کیلیے حالات اور میدان کا درست حالت میں ہونا ضروری ہے،حمزہ شہباز کھیلوں سے لگاؤ رکھتے ہیں،ان سے اپیل ہے کہ معاملے کا نوٹس لیں، ایم او یو پر دستخط ڈی سی او سے ملاقات کے بعد کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں