کراچی سے بابا لاڈلا کا ذہنی مریض بھائی اور عذیر بلوچ کا ساتھی گرفتار

رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں، عذیر کے ساتھی تنویر جدون سے اہم انکشافات کا امکان

رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں، عذیر کے ساتھی تنویر جدون سے اہم انکشافات کا امکان۔ فوٹو: فائل

پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے لیاری گینگ وار کے نور محمد عرف بابا لاڈلا کے ذہنی مریض بھائی سمیت 9 ملزمان گرفتار کرلیے، گرفتار ملزمان میں ایک ملزم نپیر پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں زخمی ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نپیر تھانے کے سب انسپکٹر اسرار احمد نے پولیس پارٹی کے ہمراہ دوران گشت محمود شاہ روڈ اولڈ کمہار واڑہ سے مقابلے کے بعد لیاری گینگ وار شیراز کامریڈ گروپ کے کارندے احمد عرف ڈا ڈا کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کر لی۔ گرفتار ملزم سنگین مقدمات میں ملوث ہے۔ بغدادی پولیس نے شیراز کامریڈ گروپ کے نوید ملا اور سنی میگوار ، رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن مہاجر کیمپ نمبر 3 میں کارروائی کرتے ہوئے نور محمد عرف بابا لاڈلا کے بھائی ذاکر لاڈلا سمیت گینگ وار کے 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔


ذرائع نے بتایا کہ ذاکر لاڈلا ذہنی طور پر مفلوج ہے اور اس کوئی کرائم ریکارڈ بھی نہیں ملا۔ ذاکر لاڈلا متعدد بار خود پتھر لے کر تھانے گیا اور ڈیوٹی افسر کو پتھر مارنے کی کوشش کی جبکہ قائد آباد پولیس نے شیر پاؤ کالونی میں کارروائی میں 14سالہ فیصل کو گرفتار کر کے اس کیخلاف پاکستان پینل کورٹ کے دفعہ 337 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی۔ ملزم فیصل نے 6 سالہ سلیمان کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ رینجرز انٹیلی جینس کی ٹیم نے اتوار کی شب لیاری گلستان کالونی میں کاروائی کی، زیر حراست ملزم کے خلاف چاکیواڑہ تھانے میں 2011 میں جھگڑے کا مقدمہ درج ہے ۔ تنویر جدون لیاری گینگ وار کے مرکزی مفرور ملزم عذیر بلوچ کا قریبی ساتھی ہے۔ ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔ملزم ن لیگ کا نامزد بلدیاتی امیدوار ہے۔
Load Next Story