مخدود شہاب موسیٰ گیلانی خوشنود لاشاری کے دباؤ پر ایفی ڈرین کوٹا دیا وعدہ معاف گواہ

بلاوجہ پھنسایاگیا،مجھے بھی وعدہ معاف گواہ بنالیاجائے،موسیٰ گیلانی کی گفتگو


ایکسپریس July 17, 2012
مجھے بھی وعدہ معاف گواہ بنالیاجائے،موسیٰ گیلانی کی گفتگو۔فوٹو محمد جاوید

ایفی ڈرین کوٹا الاٹمنٹ کیس کے ایک مرکزی ملزم سابق ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر رشید جمعہ گزشتہ روز روپوشی ختم کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے تفتیشی افسر عابد ذوالفقارکے ہمراہ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں پیش ہوگئے اور بطور وعدہ معاف گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔

جس پر جج ظفر اقبال چوہدری نے ان کا نام ملزمان کی فہرست سے نکال کر باضابطہ طور پر سرکاری گواہان کی فہرست میںشامل کردیا ہے اور انہیں پیر کو بیان ریکارڈ کرانے کے بعد اے این ایف سے مکمل آزادی مل گئی ہے، دوسری طرف ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس افتخار حسین شاہ اور جسٹس عباد الرحمن لودھی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے اس کیس میں نامزد ملزم سابق وزیراعظم کے بیٹے رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی کی عبوری ضمانت منظورکرلی ہے اور اے این ایف کو حکم دیا ہے کہ انھیں30 جولائی تک گرفتار اور ہراساں نہ کیا جائے،

ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے اے این ایف کی تفتیشی ٹیم سے آئندہ تاریخ پر جواب اور مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے اور علی موسیٰ گیلانی کو بھی مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے، انسداد منشیات عدالت نے رشید جمعہ کے بیان حلفی کے ساتھ تحریری بیان کو ہی وعدہ معاف گواہ کا بیان قرار دیتے ہوئے مقدمے کے ریکارڈ کا حصہ بنادیا ہے، ڈاکٹر رشید جمعہ نے کہا کہ بطور ڈائریکٹر جنرل انھوں نے اس وقت کے وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین اور سیکریٹری صحت خوشنود لاشاری کی ہدایت اور موسیٰ گیلانی کی سفارش اور دباؤ پر داناس فارماسیوٹیکل کمپنی اور بارلیکس لیب کو پہلے ایفی ڈرین بیرون ملک بھجوانے کاکوٹا دیا۔

بعدازاں ایفی ڈرین کو اندرون ملک استعمال کرنے کا اجازت نامہ دیدیا، یہ کوٹا اور اجازت نامہ ان تینوں شخصیات کے سخت دبائو کے باعث دیا گیا، بعدازاں انھوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وہ کہیں بھی نہیں گئے تھے، ہائیکورٹ نے مخدوم شہاب کی عبوری ضمانت میں بھی30جولائی تک توسیع کردی جبکہ گرفتار ڈپٹی ڈائریکٹر ڈرگ عبدالستار سوہرانی کی ضمانت کی درخواست پر بھی ریکارڈ طلب کرلیا، وعدہ معاف گواہ بننے والے ڈاکٹر رشید جمعہ، رضوان احمد خان کی عبوری ضمانتوں میں بھی آئندہ تاریخ تک توسیع کردی گئی ہے،

علی موسیٰ گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ایفی ڈرین کیس سے کوئی تعلق نہیں، بلاوجہ پھنسایا گیا ہے، ثبوت نہ ہونے کے باعث اے این ایف سب کو بلا کر وعدہ معاف گواہ بنارہی ہے، انھوں نے ازراہ تفنن کہا کہ میں نے کہاہے کہ مجھے بھی وعدہ معاف گواہ بنالو، جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ وہ کس کیخلاف وعدہ معاف گواہ بننا چاہتے ہیں؟ تو علی موسیٰ گیلانی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جو بھی وعدہ معاف گواہ بن رہے ہیں انھیں خود پتہ نہیںکہ کس کے خلاف بن رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں