پنجاب میں ایک ماہ کے دوران 103خودکشیاں 200 خواتین و بچوں سے زیادتی

لاہوراورگردو نواح میں ساڑھے13کروڑ کی ڈکیتیاں، 2ہزارگاڑیاں، موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، تحریک انصاف

ڈینگی کے مریضوں کی تعداد2100سے تجاوز،حکمران قوم کو بیوقوف بنا رہے ہیں،تحریک انصاف کا وائٹ پیپر فوٹو:فائل

تحر یک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمدسرو رنے (ن) لیگی حکو مت کی ایک ماہ کی ناقص کا ر کردگی پر ''وائٹ پیپر'' جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ظلم، زیادتی، قتل، ناانصافی، لوڈشیڈ نگ، چوری اور ڈکیتی پنجاب کے عوام کا مقدر بن چکے ہیں۔

حکمران اپنی سیکیورٹی پر36 کروڑ خر چ کر رہے ہیں جب کہ عوام کے جان ومال کی کوئی فکر نہیں۔ مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں تنگ آکر 75 سے زائد افراد نے خودکشی کی۔ پنجاب میں زیادتی کے بعد انصاف نہ ملنے کی وجہ سے ایک ماہ کے دوران 28 سے زائد خواتین نے خودکشی کی۔ ایک ماہ کے دوران خواتین، بچوں اور لڑ کوں کے ساتھ زیادتی کے 200 سے زائد واقعات ہوئے، صرف لاہور اورگردونواح میں ایک ماہ کے دوران 13 کروڑ 50 لاکھ سے زائد مالیت کی چوری اور ڈکیتیاں ہوئیں۔


ایک ماہ کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں تحر یک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے 18 کارکنان قتل ہوئے۔ صرف لاہور اور گر دونواح میں ایک ماہ کے دوران 2000 سے زائد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھین لی گئیں۔ پنجاب میں ڈینگی کے مر یضوں کی تعداد 2100 سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں ایک ماہ کے دوران8مر یض جاں بحق ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ حکمران گڈ گورننس کا دعویٰ کر کے قوم کو بے وقوف بنانے کی کوششو ں میں مصروف ہیں ۔ادھرشیخوپورہ میں تحریک انصاف کے ضلعی سیکریٹریٹ اور صفدر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ بلدیاتی اور ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے باوجود دھرنے اور احتجاج کی سیاست نہیں کریں گے بلکہ اب ہماری سیاست کا رخ عوام کے ایشوز پر ہوگا۔
Load Next Story