پیرس پھردھماکوں سے گونج اٹھا سرچ آپریشن کےدوران خودکش حملہ آورخاتون سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

سرچ آپریشن مشتبہ شخص کی تلاش میں کیا گیا جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ پیرس حملوں کا ماسڑ مائنڈ ہے


متعدد اہلکار زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے،فوٹو:فائل

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے اور بم دھماکوں میں مبینہ خودکش بمبار خاتون سمیت 3 افراد مارے گئے جب کہ اس دوران متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فرانسیسی پولیس شمالی پیرس کے علاقے سینٹ ڈینس میں سرچ آپریشن کر رہی ہے جہاں جمعے کو ہونے والے حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ عبدالحامد اباعود کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر فائرنگ شروع ہوگئی جب کہ متعدد بم دھماکے بھی ہوئے،پولیس کی جوابی فائرنگ میں 2 حملہ آور ہلاک جب کہ ایک خاتون نے اپنے آپ کو بارودی مواد سے اڑا لیا ہے،حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 5 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔اس دوران متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق آپریشن میں فوجی دستے بھی حصہ لے رہے ہیں اور اطراف کے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی کردی گئی ہے۔دوسری جانب ان حملوں میں ملوث آٹھ مشتبہ ملزمان میں سے ایک صالح عبدالسلام کی تلاش کے لیے بھی ایک بڑا آپریشن جاری ہے۔

واضح رہے کہ جمعے کو پیرس کے مختلف مقامات پر خود کش حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 130 زائد افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔ حملوں کے بعد سے فرانس میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جب کہ دہشت گردوں اور شدت پسند عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور پورے ملک میں مشتبہ افراد کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں