غلام سرور قتل کیس مسلم لیگ ن کے ایم این اے چوہدری عابد کے وارنٹ گرفتاری جاری

2013 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونیوالے چوہدری عابد کے وارنٹ سپریم کورٹ نے جاری کیے

2013 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونیوالے چوہدری عابد کے وارنٹ سپریم کورٹ نے جاری کیے ، فوٹو: فائل

KARACHI:
سپریم کورٹ نے 6 افراد کے قتل کے مقدمے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

چودھری عابد رضا پر 1998 میں گجرات کے سابق ایم پی اے غلام سرور بھوچ سمیت 6 افراد کے قتل کا الزام تھا جس پرانہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم 2003 میں لاہور ہائیکورٹ میں اپیل کے دوران مقتولین کے ورثا سے سمجھوتے کے نتیجے میں وہ جیل سے رہا ہوگئے تھے۔


چوہدری عابد عام انتخابات 2013 میں گجرات کے حلقہ این اے 107 سےمسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم ان کےمخالف امیدوار چوہدری الیاس نے ان کی اہلیت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بنچ نے نااہلی کیس کی سماعت کے دوران قتل کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کو نظر انداز کیے جانے پر ازخود نوٹس لیا تھا جب کہ عدالت کا کہنا تھا کہ انسداد ہشت گردی ایکٹ کے تحت سمجھوتے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

بدھ کے روز مقدمے کی سماعت کے دوران رکن قومی اسمبلی کے وکیل کی جانب سے دلائل بھی دیئے گئے تاہم عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔
Load Next Story